QR CodeQR Code

وفاق المدارس الشیعہ کا صوبائی اور علاقائی دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ

اربعین واک پر ملک بھر میں ہونیوالے غیر قانونی مقدمات واپس لینے کا مطالبہ

17 Oct 2021 20:14

اجلاس میں علامہ سید ساجد علی نقوی، مفسر قرآن شیخ محسن علی نجفی، علامہ محمد تقی نقوی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ رمضان توقیر، علامہ افتخار حسین نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ شیخ مرزا علی سمیت دیگر نمائندہ علمائے کرام شریک ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی سپریم کونسل اور مرکزی کابینہ کا مشترکہ اجلاس علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مدارس دینیہ کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بہتر روابط کیلئے وفاق المدارس کے صوبائی اور علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ یہ دفاتر خیبر پختونخواہ، پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں محرم الحرام اور صفر المظفر میں عزاداری سید الشہد کے سلسلے میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر اربعین واک (مشی)، گھروں میں مجالس کے انعقاد اور نیاز پکانے پر مقدمات کے اندراج کو مسترد کرتے ہوئے ایف آئی آرز کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں مہنگائی کے طوفان پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ جامعة الکوثر اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے اجلاس میں علامہ سید ساجد علی نقوی، مفسر قرآن شیخ محسن علی نجفی، علامہ محمد تقی نقوی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ رمضان توقیر، علامہ افتخار حسین نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ شیخ مرزا علی، ڈاکٹر سید محمد نجفی، مولانا خورشید انور جوادی، مولانا محسن مہدوی، مولانا عبدالمجید بہشتی، مولانا انیس الحسنین خان، مولانا غلام حسین مخلصی، مولانا اعجاز حسین شاکری، مولانا محمد جواد فاطمی، مولانا محمد تحسین اور دیگر علماء شریک ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 959194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959194/وفاق-المدارس-الشیعہ-کا-صوبائی-اور-علاقائی-دفاتر-قائم-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org