QR CodeQR Code

ڈی پی او ڈیرہ کی زیر نگرانی

ڈی آئی خان پولیس لائن میں سیرت النبی (ص) کانفرنس کا انعقاد

وفاقی وزیر علی امین مہمان خصوصی، مختلف مکاتب کی شرکت

17 Oct 2021 22:48

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت اور مہمان خصوصی وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد (ص) اسی مہینے ربیع الاول میں پیدا ہوئے تھے اور یہ مسلمانوں کیلئے خوشی اور خیر و برکت کا مہینہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے زیراہتمام اعجاز شہید پولیس لائن میں عشرہ رحمت للعالمین کے سلسلے میں سیرت النبی (ص) کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پور تھے جبکہ کانفرنس میں پولیس افسران، معززین علاقہ، علماء کرام اور ضلعی مصالحتی کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کو بچوں نے پھول پیش کئے۔ اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں پہنچنے پر مہمان خصوصی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ بعد ازاں انہوں نے یادگار شہداء پر ڈی پی او کے ہمراہ حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے نعت خوانوں نے حضور کریم کی مدحت بیان کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت اور مہمان خصوصی وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد (ص) اسی مہینے ربیع الاول میں پیدا ہوئے تھے اور یہ مسلمانوں کے لئے خوشی اور خیر و برکت کا مہینہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد ہمارے پیارے نبی (ص) کی سیرت طیبہ اور آپ (ص) کی زندگی کے سنہری اصولوں کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ ہم اپنی زندگی اور اپنے معاشرے کو ان اصولوں پر کھڑا کرسکیں، جن کا تعین چودہ سو سال پہلے کیا گیا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ آپ (ص) کی زندگی کے چند اصول جن میں یکجہتی، محبت، یگانگت اور ایثار ہیں اور آج کل ہمیں ان اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ یہ ایسے اصول ہیں، جن سے معاشرہ ایک کامیاب معاشرہ کی حثیت سے پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے۔ وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے مزید کہا کہ نہ صرف ہمیں ظاہری طور پر بلکہ باطنی طور پر بھی سیرت طیبہ پر عمل کرکے اپنی زندگی کو کامیاب بنانا ہوگا۔ دوسروں کے لیے ایثار کا جذبہ اور سچ بولنا کامیاب زندگی کا راز ہے۔ تقریب کے آخر میں تمام حاضرین، شہدائے پولیس ڈیرہ، ملک پاکستان اور مسلمہ امہ کی خیر و عافیت کیلئے جامع دعا کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 959206

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959206/ڈی-ا-ئی-خان-پولیس-لائن-میں-سیرت-النبی-ص-کانفرنس-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org