0
Sunday 17 Oct 2021 23:40

بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان میں عورتوں کو انکے حقوق ملے، یوسف رضا گیلانی

بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان میں عورتوں کو انکے حقوق ملے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریت ہمارے لہو میں شامل ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم آج بھی جمہوریت کی خاطر قربانیاں دینے والوں کو یاد رکھتے ہیں، بلکہ ہم ہر سال ان کو خراج عقیدت بھی پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ کارساز کی 14ویں برسی کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا 2007ء میں جب جنرل پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا تو تب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے فوری طور پر 18 اکتوبر 2007ء کو پاکستان آنے کا اعلان کیا۔ ان کے اس فیصلے کو ملک کے تمام جمہوری حلقوں نے سراہا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر پاکستان پہنچ گئی۔ جہاں پر لاکھوں افراد نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا یہ روشن اور یادگار دن تھا، جب محترمہ بے نظیر بھٹو نے کراچی کے عوام کے سامنے یہ عہد کیا کہ ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ جمہوریت کا یہ قافلہ جب کار ساز پہنچا تو ملک دشمنوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو اور ان کے جلوس پر خودکش حملہ کر دیا۔ جس کے نتیجہ میں 177 افراد شہید ہوگئے۔ ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ملک میں جمہوریت بحال ہوئی، محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان کی ایک ایسی تصویر سامنے آئی۔ جس میں عورتوں کو ان کے حقوق ملے، قانون کی حکمرانی مضبوط ہوئی۔ آئین کے تحفظ کے لئے پارلیمنٹ نے اپنا کردار ادا کیا۔ خاص طور پر پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں پہلی مرتبہ صحافت سے پابندیاں ختم کرکے اسے آزادانہ کام کرنے کی فضا مہیا کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحہ کار ساز کے شہداء کے لئے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کارکن ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آج کے دن ہم اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جن کی قربانیوں کی بدولت ارض پاک میں جمہوریت کا پودا اب ثمرآور درخت بن چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 959209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش