اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جتنا چور اس وقت ہمارا وزیراعظم ہے، اتنا چور وزیراعظم پاکستان کی تاریخ میں نہیں گزرا، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے آج پھر پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے، مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے باغ جناح میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ایک آمر سے لڑنے کیلئے جان کی پروا کیے بغیر پاکستان واپس آئیں، تاکہ ملک کو آمریت سے نجات دلائی جا سکے اور عوام کو روٹی کپڑا اور مکان دیا جا سکے، لیکن انہیں شہید کر دیا گیا، پیپلز پارٹی کے جیالے بم دھماکوں سے نہیں ڈرتے، ہم سانحہ کارساز کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو نوکریاں اور مکان دینے کا وعدہ کیا، لیکن اسے پورا کرنے کے بجائے روزگار اور چھت چھین لی، اسی طرح عمران خان نے کراچی کے عوام کو ہر وعدے کے عوض دھوکا دیا، جتنا چور اس وقت ہمارا وزیراعظم ہے اتنا چور وزیراعظم پاکستان کی تاریخ میں نہیں گزرا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ملک میں جتنی مہنگائی ہے اتنی تاریخ میں کبھی نہیں رہی، بجلی، پٹرول، گیس، اشیائے خورونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی، جینا اور مرنا بھی مہنگا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، لیکن سب جان لیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آنے والی ہے، ہم پہلے دن سے قائد عوام اور شہید بی بی کا سفر شروع کر دیں گے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے آج پھر پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کا یوم تاسیس خیبرپختونخوا میں منانے کا بھی اعلان کیا۔