QR CodeQR Code

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کراچی کا احتجاج

18 Oct 2021 00:24

کراچی میں عوامی احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمران بتائیں کہ ان کے دعوے کے مطابق جب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے تو پھر ملک میں مہنگائی کیوں بڑھائی جارہی ہے، بجلی گیس کی قیمتیں کیوں بڑھائی جارہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر حکمرانوں کی نااہلی، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور ظالمانہ اضافے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں بیت المکرم مسجد تا حسن اسکوائر، گلشن اقبال مین یونیورسٹی روڈ پر ”عوامی احتجاجی مارچ“ منعقد ہوا۔ مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈپٹی سکریٹریز کراچی عبد الرزاق خان، یونس بارائی، مذہبی رہنما علامہ اطہر مشہدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مارچ میں شہر بھر سے مہنگائی و بے روزگاری اور حکومت کے ستائے ہوئے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہنگائی، حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص کاکردگی پر نعرہ تکبیر اللہ اکبر، تیز ہو تیز جدوجہد تیز ہو، انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب، جب پیٹرول مہنگا ہوجائے تو وزیراعظم چور، جب آٹا مہنگا ہوجائے تو وزیراعظم چور، جب چینی مہنگی ہوجائے تو وزیر اعظم چور، چینی مہنگی ہائے ہائے، آٹا مہنگا ہائے ہائے، جلنے دو جلنے دو غریب کا چولہا جلنے دو، ظالموں سے اقتدار چھین لو چھین لو کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ دھرنے کے شرکاء نے حافظ نعیم الرحمن کے یونیورسٹی روڈ پر علامتی دھرنا بھی دیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت آٹا اور چینی مافیا قوم پر مسلط ہے، چوروں کا ٹولہ ملک کو تباہ کررہا ہے جب کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ہم کرپشن ختم کررہے ہیں، حکمران عوام کو چینی اور آٹا کی مقدار کم استعمال کرنے کا کہتے ہیں، جب کہ خود اپنی عیاشوں کو بڑھانے کے لئے عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، حکومت کی جانب سے عوام پر مسلسل پیٹرول بم پھینکے جارہے ہیں اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جارہا ہے، بنیادی چیزوں پر ٹیکس لگاکر عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، آج عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل ہے، اس کے باوجود ہمارے ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، جب عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی جاتی؟، ہر ماہ منی بجٹ کے نام سے نیا ٹیکس لگادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بتائیں کہ ان کے دعوے کے مطابق جب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے تو پھر ملک میں مہنگائی کیوں بڑھائی جارہی ہے، بجلی گیس کی قیمتیں کیوں بڑھائی جارہی ہیں، جاگیردار اور سرمایہ داروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا، پلی بارگین کے نام پر جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا ٹیکس معاف کردیا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 959218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959218/پیٹرولیم-مصنوعات-کی-قیمتوں-میں-اضافے-اور-مہنگائی-کیخلاف-جماعت-اسلامی-کراچی-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org