0
Monday 18 Oct 2021 00:35

پہلی بار پختونوں کو قومی حکومت میں سب سے زیادہ نمائندگی ملی ہے، اسد قیصر

پہلی بار پختونوں کو قومی حکومت میں سب سے زیادہ نمائندگی ملی ہے، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے، لیکن کورونا کے وجہ سے پوری دنیا کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کورونا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا، تاہم خطے کے حالات تبدیل ہو رہے ہیں۔ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے، لیکن اس وقت پوری دنیا مشکل حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں، وہ صرف اور صرف اپنی قوم اور ملک کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ گوادر کے کھلنے سے وسطی ایشیاء کی مارکیٹیں کھل جائیں گی اور  پاکستان وسط ایشیائی ممالک تک تجارت بڑھانے کے لیے برآمدات کرسکے گا، جبکہ راشکئی اکنامک زون سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے بجٹ کا بڑا حصہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے استعمال ہوتا تھا، ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی بار پختونوں کو قومی حکومت میں سب سے زیادہ نمائندگی ملی ہے، وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا میرا مشن ہے۔ تحریک انصاف کی پہلی صوبائی حکومت میں صوابی کے عوام کو شناخت ملی، ہم یہاں بیس کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کے میدان بنائیں گے۔ گذشتہ دور میں صرف دو پارٹیوں نے حکومت کی ہے اور انہوں نے کوئی ایسا قومی ادارہ نہیں چھوڑا تھا، جو منافع میں ہو۔ اب  ہمارے ملک کی سمت درست ہوچکی ہے، قوم کی خوداری میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 959220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش