0
Monday 18 Oct 2021 12:04

امریکا کا ماسکو میں افغانستان سے متعلق اجلاس میں شرکت کا امکان

امریکا کا ماسکو میں افغانستان سے متعلق اجلاس میں شرکت کا امکان
اسلام ٹائمز۔ امریکا رواں ہفتے توسیعی ٹرائیکا کے ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے لیکن اس کے باوجود اپنی شرکت کی تصدیق کرنے سے گریزاں ہے۔ سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روس کے صدارتی مندوب برائے افغانستان ضمیر کلبوف نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ افغانستان کی حالیہ پیش رفتوں پر بات چیت کے لیے گروپ کا اجلاس جلد ہو گا، گروپ میں روس، امریکا، چین اور پاکستان شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے کوئی تاریخ نہیں بتائی تھی البتہ روسی حکام نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ اجلاس 20 اکتوبر کو ہو سکتا ہے۔ ضمیر کلبوف نے کہا تھا کہ افغانستان میں بدلتی صورتحال پر ایک مشترکہ مؤقف کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب افغانستان کی بات آتی ہے تو روس جیسے ممالک کے ساتھ ہمارے مفادات میں ربط ہے اور پہلے ہم نے دیکھا ہے کہ توسیع ٹرائیکا مفید ثابت ہوا ہے۔ امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے ماسکو میں آئندہ اجلاس کو نوٹ کر لیا تھا لیکن اس وقت امریکا کی شرکت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ القاعدہ اور داعش خراسان گروپ دیگر ممالک پر حملوں کے لیے دوبارہ افغان سرزمین کو بطور لانچنگ پیڈ استعمال نہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات میں سے ایک ہے جو ہمیں نہ صرف ہمارے اتحادیوں اور قریبی شراکت داروں بلکہ روس جیسے ممالک کے ساتھ بھی جوڑتا ہے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی توجہ افغانستان میں داعش خراسان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے خطرے کے حوالے سے بہت مرکوز ہے۔چین نے مجوزہ اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ اس سے افغانستان میں امن و استحکام بحال ہوگا اور پائیدار "امن اور تعمیر نو" کا راستہ نکلے گا۔ یاد رہے کہ توسیعی ٹرائیکا کا آخری اجلاس قطر میں 11 اگست کو ہوا تھا جبکہ اس سے قبل 18 مارچ اور 30 اپریل کو اجلاس ہوئے تھے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی حالیہ بریفنگ میں نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے کہ جن کےساتھ امریکا افغانستان سے امریکیوں اور دیگر افراد کے انخلا کے لیے مل کر کام کر رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 959283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش