0
Monday 18 Oct 2021 19:16

آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے ملاقات کی اور اس دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور افغانستان کی صورت حال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے درکار عالمی امداد اور افغانستان کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورت حال، خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انجیلا ایگلر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔ خیال رہے کہ امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے 3 روز قبل لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔

 
خبر کا کوڈ : 959350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش