QR CodeQR Code

اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضاء قائم کرنے کیلئے اسوۂ رسول (ص) کی پیروی ضروری ہے، خالد خورشید

18 Oct 2021 19:27

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آپ (ص) کی آفاقی تعلیمات کا خلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے، کسی بھی حالت میں انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور ٹوٹے ہوئے رشتوں کو پھر سے جوڑ دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے 12 ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تاجدار مدینہ (ص) کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کر دیا جائے تو معاشرہ جنت کا نمونہ بن جائے گا۔ اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کیلئے اسوۂ رسول (ص) کی پیروی ضروری ہے۔ خالد خورشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حضور (ص) کی سیرت اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے رحمت العالمین اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جو قابل تحسین اور انتہائی احسن اقدام ہے۔ پہلی مرتبہ ملک بھر میں ربیع الاول کا مہینہ انتہائی عقیدت اور احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ جی بی میں بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق 12 ربیع الاول کو شایان شان اور انتہائی احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔

خالد خورشید کا مذید کہنا تھا کہ آج کا مقدس دن ہمارے لئے تذکیہ و تجدید عہد کا دن ہے تاکہ اہل اسلام تعلیمات نبوی (ص) سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر اپنے معاشرے کو مثالی معاشرہ بنا سکے۔ آپؐ کی آفاقی تعلیمات کا خلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے، کسی بھی حالت میں انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور ٹوٹے ہوئے رشتوں کو پھر سے جوڑ دیا جائے۔ آپؐ کی تعلیمات دکھی انسانیت کے لئے خوشیوں کی نوید ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کہ اس پرمسرت اور بابرکت دن کے موقع پر مسلمانانِ عالم، خصوصاً تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس دن کی فضیلت، سعادت و برکت سے ہر مسلمان کا دل منور اور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس یومِ مبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال کر دے۔

وزیر اعلیٰ جی بی نے کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمد (ص) صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ سارے بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمت اللعالمین بن کر تشریف لایئے۔ اس لحاظ سے 12ربیع الاول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کا عظیم ترین دن ہے۔ آج اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوۂ رسول (ص) کی پیروی ضروری ہے کیونکہ ہماری بقاء اور دینی و دنیوی کامیابی اسی اسوۂ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمد (ص) کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا اور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ نبی پاکؐ نے اپنے اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں پوری دنیا کو مثالی، سماجی اور معاشی نظام دیا۔ 


خبر کا کوڈ: 959354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959354/اخوت-اور-امن-خیر-سگالی-کی-فضاء-قائم-کرنے-کیلئے-اسوۂ-رسول-ص-پیروی-ضروری-ہے-خالد-خورشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org