QR CodeQR Code

پی ڈی ایم کے مرے ہوئے مینڈکوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے، شیخ رشید

18 Oct 2021 19:25

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتے ہیں مہنگائی ہے، قرضے بھی ہیں، کورونا کا بھی سامنا رہا، لیکن عالمی بحران میں پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچا، وزیراعظم مہنگائی کے معاملے پر اجلاس کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 15 اگست سے پی ڈی ایم کے مرے ہوئے مینڈکوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور اب یہ ایک مرا ہوا سیاسی ہاتھی ہے، 15 اگست سے پی ڈی ایم کے مرے ہوئے مینڈکوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو اس قسم کی تھکی ہوئی اپوزیشن ملی، بلاول کو سیاسی طور پر سات خون معاف ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والے منہ صاف کرکے پھر وکٹری کا نشان بناتے ہیں، پاپڑ والے اور دہی بھلوں سے اربوں نکلتے ہیں، ٹی وی پر آنا کوئی کمال نہیں، جو کوئی چوک چوراہے میں حساس اداروں پر تنقید کرے گا، اس کو بھگتنا ہوگا، مریم نواز اپنے لیے خود گڑھے کھود رہی ہیں، انہوں نے اگر کسی گڑھے میں گرنا ہے تو خدا خیر کرے، وہ جو اداروں کے خلاف بیانات دے رہی ہیں، اپنے پاؤں پر کُلہاڑی مار رہی ہیں، (ن) لیگ کی پچھلی حکومت جانے میں بھی مریم نواز کا کردار تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ مہنگائی ہے، قرضے بھی ہیں، کورونا کا بھی سامنا رہا، لیکن عالمی بحران میں پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچا، وزیراعظم مہنگائی کے معاملے پر اجلاس کر رہے ہیں، میں کابینہ اجلاس میں آٹا، دال، چاول اور 4 ادویات پر بات کرتا ہوں، اقتدار میں وقت جلد پاس ہو جاتا ہے، نئے انتخابات میں ایک سال ہی رہ گیا ہے، عمران خان اپنے 5 سال پورے کریں گے۔ شیخ رشید افغانستان کے لیے ویزا فیس 31 دسمبر تک معاف کر دی گئی اور آن لائن ویزا سروس شروع کر دی ہے، آج سے افغانستان کا ویزا آن آرائیول بند کر دیا گیا ہے، پانچ سال کاٹریڈنگ ویزہ جاری کریں گے، افغانستان بارڈر طور خم اور چمن پر لگائے آئی بی ایم ایف بارڈر پر بادینی میں لے کر جا رہے ہیں۔ سیف سٹی کو 16 گاڑیاں اور لے کر دے رہے ہیں، عید میلاد النبی کے موقع پر معمولی جرائم کے قیدیوں کی تین ماہ کی سزائیں معاف کی جا رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 959355

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959355/پی-ڈی-ایم-کے-مرے-ہوئے-مینڈکوں-کی-سیاست-ختم-ہوچکی-ہے-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org