QR CodeQR Code

سمندری اور قومی سلامتی میں بحریہ اہم کردار ادا کررہی ہے، راجناتھ سنگھ

18 Oct 2021 21:59

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین اطراف سے بڑے سمندروں سے گھرا ہونے کے سبب ہمارا ملک اسٹریٹجک، تجارتی اور وسائل کے نظریہ سے بہت زیادہ اہم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا پر غلبہ حاصل کرنے کے لئے بحریہ کا مضبوط ہونا ضروری ہے اور یہ اچھی بات ہے کہ ہندوستانی بحریہ سمندری اور قومی سلامتی میں مضبوطی کے ساتھ اہم کردار ادا کررہی ہے راجناتھ سنگھ نے پیر کو یہاں بحریہ کے چوٹی کمانڈروں کے سیمینار کے دوسرے مرحلہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی جغرافیائی حالت کئی معاملات میں انوکھی ہے۔ تین اطراف سے بڑے سمندروں سے گھرا ہونے کے سبب ہمارا ملک اسٹریٹجک، تجارتی اور وسائل کے نظریہ سے بہت زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندری علاقہ میں تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے امن اور استحکام کا ماحول ضروری ہے اور اس میں بحریہ کا کردار بہت اہم ہے۔ ممالک کے مابین اقتصادی اور سیاسی تعلقات بہت تیزی سے بدلنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی مفادات کے سبب تعلقات میں کچھ کشیدگی بھی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے مدنظر تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہندستانی سمندری علاقوں میں امن اور استحکام قائم رکھنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ آئندہ وقت میں سمندری علاقہ میں امن اور استحکام یقینی بنانے کے لئے بحریہ کا کردار کئی گنا بڑھنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف وہی ممالک دنیا میں اپنا غلبہ جمانے میں کامیاب رہے ہیں جن کے پاس طاقتور بحریہ ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہماری سمندری اور قومی سلامتی میں بحریہ اہم کردار کررہی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سمندری علاقہ کا ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے ہندوستان بحر ہند کے علاقہ میں اصولوں، امن اور قواعد پر مبنی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ وہ ایک ایسے نظام کی حمایت کرتا ہے جس میں نیوی گیشن اور آزاد تجارت کی آزادی کے ساتھ ساتھ تمام ممالک کے مفادات کی حفاظت ہو۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس سمندری علاقہ میں اہم ملک ہونے کے ناطے سیکورٹی کے نظریہ سے ہندوستانی بحریہ کا کردار مزید زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ بحریہ اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 959357

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959357/سمندری-اور-قومی-سلامتی-میں-بحریہ-اہم-کردار-ادا-کررہی-ہے-راجناتھ-سنگھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org