0
Monday 18 Oct 2021 20:35

کوئٹہ، گورنر ہاؤس کے قریب دھرنا ختم کرنے کا اعلان

کوئٹہ، گورنر ہاؤس کے قریب دھرنا ختم کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ واقعہ ہوشاپ کے لواحقین نے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد اپنا احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ کئی دن کمسن بچوں کے جنازوں کے ساتھ انصاف کی خاطر احتجاج کرنے والے لواحقین نے گورنر ہاؤس کے قریب احتجاجی دھرنے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دھرنے کے اختتام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ میں ملوث ایف سی اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے اور دیگر حکومتی اقدامات کے بعد دھرنہ ختم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ مزید اطلاعات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈی سی، اے سی اور تحصیلدار کیچ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ جس کے بعد لواحقین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

دھرنے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کی پاسداری کرتے ہوئے یہ احکامات پہلے ہی جاری کر دیئے جاتے، تو دھرنا دینے کی نوبت نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ظلم کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔ دھرنے کے اختتام پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماء ماہ رنگ بلوچ نے سنئیر قانوندان کامران مرتضیٰ، بار ایسوسی ایشن کے ایڈوکیٹ راحب بلیدی اور دیگر بزرگوں کو بلوچی چادر پہنائی۔

کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اے سی، ڈی سی کو معطل کر دیا گیا ہے، کیوںکہ وہ طاقتور قوتوں کے خلاف کارروائی سے ڈرتے ہیں۔ دیگر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 959366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش