QR CodeQR Code

لاہور، اہلسنت جماعتوں نے افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر دیا

18 Oct 2021 21:18

لاہور میں منعقدہ اجلاس میں طے پایا کہ افغان حکومت کو فوری طور پر تسلیم کرنے کے مطالبے کی حمایت میں رائے عامہ منظم کی جائے گی، جس کے تحت 22 اکتوبر کو ملک بھر میں علمائے کرام خطبات جمعۃ المبارک میں اس مطالبہ کی حمایت میں خطاب کریں گے اور مختلف شہروں میں علمائے کرام، تاجروں، وکلاء اور دیگر طبقات کے مشترکہ کنونشنوں کا اہتمام کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مختلف مکاتب فکر اور مذہبی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس میں حکومتِ پاکستان اور دیگر مسلم حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان کی حکومت کو فوری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا جائے اور جنگ زدہ افغانستان کی بحالی اور تعمیرِ نو کیلئے مربوط اور مؤثر حکمت عملی طے کی جائے۔ یہ اجلاس متحدہ علماء کونسل پاکستان کے صدر مولانا عبدالرؤف ملک کی دعوت پر ان کی صدارت میں جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد لاہور میں منعقد ہوا جس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتِحال کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ جنگ ختم ہو جانے کے باوجود نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے مسلسل گریز کیا جا رہا ہے۔

اجلاس سے مولانا زاہدالراشدی، مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈاکٹر حافظ محمد سلیم اور مولانا عبدالرؤف فاروقی، مرزا محمد ایوب بیگ، مولانا محمد نعیم بادشاہ، مولانا محمد شفیع جوش اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ افغان حکومت کو فوری طور پر تسلیم کرنے کے مطالبے کی حمایت میں رائے عامہ منظم کی جائے گی، جس کے تحت 22 اکتوبر کو ملک بھر میں علمائے کرام خطبات جمعۃ المبارک میں اس مطالبہ کی حمایت میں خطاب کریں گے اور مختلف شہروں میں علمائے کرام، تاجروں، وکلاء اور دیگر طبقات کے مشترکہ کنونشنوں کا اہتمام کیا جائے گا، اس کیساتھ اسلام آباد میں مسلم حکومتوں کے سفارتخانوں سے رابطہ کیلئے وفود تشکیل دیئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 959370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959370/لاہور-اہلسنت-جماعتوں-نے-افغان-حکومت-کو-تسلیم-کرنے-کا-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org