0
Wednesday 20 Oct 2021 22:19

کشمیر کے لوگوں کا شہری ہلاکتوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، غلام نبی آزاد

کشمیر کے لوگوں کا شہری ہلاکتوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، غلام نبی آزاد
اسلام ٹائمز۔ سینیئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیراعلٰی غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کے تمام لوگ شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں اور ان میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کا شہری ہلاکتوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ جس طرح ملک کے لوگ اس چیز کو غلط سمجھتے ہیں اس سے کئی گنا زیادہ کشمیر کے لوگ اس کو غلط مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارنے والوں کا طریقہ بدل گیا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ایک آدھ مارنے والوں کو پکڑا جائے تاکہ ان کا طریقہ کار معلوم ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں نشانہ وار ہلاکتوں کے چلتے موٹر سائیکل چلانے والوں کو پریشان کرنا بھی قابل مذمت ہے۔

کانگریس لیڈر نے ان باتوں کا اظہار آج سرینگر میں اپنی رہائشگاہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ چار دنوں کے دوران کشمیر کے دس اضلاع اور ضلع رام بن میں قریب 70 وفود سے ملا، اچھی بات یہ ہے کہ سب لوگ ان ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں اور مارنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کا یہاں ہو رہی شہری ہلاکتوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ جس طرح ملک کے لوگ ان ہلاکتوں کو غلط سمجھتے ہیں اسی طرح کشمیر کے لوگ بھی ان ہلاکتوں کو کئی گنا زیادہ غلط مانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ واپس نہیں دیا جائے گا اور یہاں عوامی حکومت منتخب نہیں کی جائے گی تب تک یہاں ترقی کا ہونا ممکن نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 959689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش