0
Wednesday 20 Oct 2021 21:39

کوئٹہ، بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش

کوئٹہ، بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے پیش کی اور اسپیکر نے رولنگ دی کہ تحریک عدم اعتماد کو مطلوبہ ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے اور 33 ارکان نے قرارداد کی حمایت کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اعتماد کا ووٹ سوموار کو لیا جائے گا۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 65 کا ایوان ہے۔ جام کمال خان ہمارے لیے قابل احترام شخصیت ہیں۔ یہ ایک قبیلے کے سردار ہیں۔ ان کو قائد ایوان بھی اکثریت کے بل بوتے پر منتخب کیا گیا تھا اور آج بھی اکثریت کے بل بوتے پر یہ قرارداد آ گئی ہے اور اس ایوان نے فیصلہ کردیا ہے حالانکہ ہمارے اراکین اسمبلی مسنگ پرسن میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا گلا دبا کر کوئی اقتدار میں نہیں رہ سکتا۔ یہ بلوچستان کی روایت نہیں ہے کہ کسی کو آپ مسنگ اور اغوا کریں اور ایوان کے تقدس کو پامال کریں۔ کسی کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سردار عبدالرحمٰن نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر لاپتہ افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو یہ ایوان اور پورا بلوچستان احتجاج کرے گا۔ ہم اس سطح پر نہیں جانا چاہتے۔ ہمارے لیے ہر ادارہ قابل احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایوان کا ایک شخص سے اعتماد اٹھ گیا ہے تو بہتر یہی ہوگا کہ جام کمال خان استعفیٰ دے دیں۔ آج پانچ لاپتہ ہیں، کل مزید پانچ لاپتہ کر لیں گے۔ شاید ان کی کرسی بچ جائے لیکن اب یہ ایوان نہیں چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اخلاقیات اور بلوچستان کی روایت کا تقاضا ہے کہ فوری طور پر جام کمال خان مستعفی ہو جائیں کیونکہ ہم تاریخ میں یہ نہیں لکھوانا چاہتے کہ انہیں وزیراعلیٰ کے منصب سے ہٹایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 959704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش