QR CodeQR Code

ہوشربا مہنگائی، ورلڈ رینکنگ میں پاکستان چوتھے نمبر پہ

21 Oct 2021 10:31

اسلامی ممالک میں سب سے زیادہ مہنگائی ترکی میں ہے، جہاں اس وقت مہنگائی کی شرح 19 عشاریہ 6 فیصد ہے، عالمی سطح پر زیادہ مہنگائی کے حوالے سے ترکی کا دوسرا نمبر ہے۔ جبکہ برازیل 10 عشاریہ 2 فیصد مہنگائی کی شرح کیساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کو عالمی سطح پر چوتھا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی جریدے "دی اکانومسٹ" کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا، ترکی اور برازیل میں مہنگائی کی شرح پاکستان سے بھی زیادہ ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی جانب سے نشر کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی جریدے "دی اکانومسٹ" نے عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافے کے بعد ایک خصوصی رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ میں کل 43 ممالک میں مہنگائی کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح والے ممالک میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح والا ملک ارجنٹینا ہے، جہاں مہنگائی کی شرح ہوشربا 51 فیصد سے زائد ہے۔

دنیا میں سب سے کم مہنگائی کی شرح جاپان میں ہے، جہاں مہنگائی کی موجودہ شرح منفی صفر عشاریہ 4 ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی ممالک میں سب سے زیادہ مہنگائی ترکی میں ہے، جہاں اس وقت مہنگائی کی شرح 19 عشاریہ 6 فیصد ہے، عالمی سطح پر زیادہ مہنگائی کے حوالے سے ترکی کا دوسرا نمبر ہے۔ جبکہ برازیل 10 عشاریہ 2 فیصد مہنگائی کی شرح کیساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کی موجودہ شرح 9 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان کے ادارہ شماریات کی گزشتہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں سب سے کم آمدن والے طبقے کیلئے مہنگائی 14.12 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ مشیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے کچھ روز قبل جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنے کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مشیر خزانہ کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے مہنگائی نیچے نہیں جائے گی، مہنگائی تب نیچے آئے گی جب دنیا میں کورونا کے اثرات کم ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 959770

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959770/ہوشربا-مہنگائی-ورلڈ-رینکنگ-میں-پاکستان-چوتھے-نمبر-پہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org