QR CodeQR Code

تحریک لبیک کا دھرنا جاری، لاہور اور راولپنڈی سے درجنوں کارکن زیرِ حراست

21 Oct 2021 13:01

احتجاجی دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کیجانب سے تحریک لبیک کیساتھ معاہدے سے بار بار روگردانی کی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ’تین دن میں معاہدے پر عملدرآمد کا کہا گیا تھا جبکہ اب چھ ماہ گزر گئے لیکن معاہدے کی ایک شق پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کالعدم تنظیم تحریکِ لبیک کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں پولیس نے جماعت کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ کالعدم تحریک لبیک نے لاہور میں عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے مرکزی جلسے کو پرامن احتجاجی دھرنے میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ماضی میں تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ تنظیم کی جانب سے حکومت کو اس سلسلے میں دو دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر اپریل میں ہونے والا معاہدہ پورا نہ کیا گیا تو جمعرات کی شام آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ احتجاجی دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے سے بار بار روگردانی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین دن میں معاہدے پر عملدرآمد کا کہا گیا تھا جبکہ اب چھ ماہ گزر گئے، لیکن معاہدے کی ایک شق پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔

ادھر لاہور پولیس نے اورنج لائن ٹرین سروس کی انتظامیہ کی درخواست پر تحریک لبیک کے اعلیٰ عہدیدران سمیت نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت ڈکیتی، اقدام قتل، دنگا فساد، دھمکیاں دینے اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے کی ایف آئی آر کالعدم تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر قاضی محمود اعوان، مرکزی ناظم مالیات پیر محمد قاسم، امیر جنوبی پنجاب پیر سرور شاہ سیفی، امیر ہزارہ مفتی عمیر الظاہری، ناظم شمالی پنجاب مولانا غلام عباس سیفی، امیر بلوچستان مفتی وزیر قادری اور لاہور ڈویژن کے مفتی عابد رضا قادری کے خلاف درج کی گئی ہے۔ نامزد ایف آئی آر میں تحریک لبیک کے لاہور، جہلم اور بہاولپور اضلاع کے عہدیدران کے نام بھی شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق اورنج لائن نے سٹیشن منیجر نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان تمام نامزد افراد نے چالیس سے پچاس نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ سٹیشن پر دھاوا بولا، عملے پر پیٹرول چھڑکا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، قیمتی اشیا لوٹیں اور اسلحے کی نمائش کی۔ کالعدم مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی دھرنا لاہور کے ملتان روڈ پر بدستور جاری ہے، جس کی وجہ سے پولیس نے چوراہے کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر رکھا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوریٰ کی جانب سے حکومت کو ان کے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے جمعرات کی شام پانچ بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 959794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959794/تحریک-لبیک-کا-دھرنا-جاری-لاہور-اور-راولپنڈی-سے-درجنوں-کارکن-زیر-حراست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org