0
Thursday 21 Oct 2021 17:23

گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان پر کراچی چیمبر آف کامرس کا اظہار تشویش

گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان پر کراچی چیمبر آف کامرس کا اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان پر کراچی چیمبر آف کامرس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں شدید بحران اور مہنگائی کا سیلاب نظر آرہا ہے، جبکہ گیس کے بحران سے ملکی برآمدات بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ادریس نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تقریباً 8 ارب ڈالر بھیجتے ہیں، لیکن اسکے باوجود ڈالر کی قدر میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے امپورٹ بل میں 65 فیصد کا اضافہ بھی انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط پالیسی کو صحیح ثابت کرنے سے گریز کیا جائے اور چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے ملک کے وسیع تر مفاد میں اقدامات اُٹھائے جائیں، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کا معمولی فائدہ اور  بے پناہ نقصانات ہیں، ڈالر کی اُونچی اُڑان 152 روپے سے شروع ہوئی اور اب 174 تک جا پہنچا ہے، جس سے بیرونی قرضوں کا حجم بڑھ کر 13.5 ارب ہوگیا۔

صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ پاکستان اشیائے خوردونوش، اجناس اور برآمدات کا خام مال بھی درآمد کرتا ہے، جن کی لاگت ڈالر کی اڑان کی وجہ سے بڑھ گئی ہے، اس سہ ماہی میں تقریباً 19 ارب ڈالر کی درآمدات ہو چکی ہیں، جو پچھلے سال 11 ارب تھیں، درآمدات کا حجم کم و بیش اتنا ہی ہے ، لاگت بڑھ گئی ہے، جو مہنگائی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اگر اسی طرح بڑھتی رہی تو ہم برآمدات بھی نہیں کر پائیں گے، وزیراعظم، وزیر خزانہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشاورت سے فیصلے کیے جائیں، کیونکہ ہم وینٹیلٹر پر ہیں اور ملک کی سیاسی، اقتصادی اور معاشی حالت بہت خراب ہے۔
خبر کا کوڈ : 959823
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش