QR CodeQR Code

گلگت میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے سروے کا عمل آخری مرحلے میں ہے، خالد خورشید

21 Oct 2021 19:27

پاک فضائیہ کے افسران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا 70 سال سے مطالبہ تھا کہ اس خطے کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر اس خطے کو قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے اور گلگت بلتستان عبوری آئینی صوبہ بن رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے سروے کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ ائیر وائس مارشل حسین احمد صدیقی کی سربراہی میں ائیر وار کورس کے زیر تربیت آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے خالد خورشید کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی اور دفاعی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل حصہ ہے۔ جی بی سی پیک منصوبے میں گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ گلگت میں بین الاقوامی ائیرپورٹ کی تعمیر کیلئے سروے کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ انڈس ریور کا 70 فیصد پانی کا زریعہ جی بی میں واقع بڑے گلیشرز ہیں۔ جی بی میں صرف 2 فیصد زمین قابل کاشت ہے جبکہ دیگر خطہ پہاڑ اور گلیشرز پر مشتمل ہے۔ پرائیوٹ سیکٹر کے نہ ہونے کی وجہ سے روزگار کے محدود مواقع ہیں، حکومت گلگت بلتستان پرائیوٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا 70 سال سے مطالبہ تھا کہ اس خطے کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر اس خطے کو قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے اور گلگت بلتستان عبوری آئینی صوبہ بن رہا ہے۔ جی بی مختلف زبانوں اور ثقافتوں کا گلدستہ ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو جدید تعلیم کیلئے بین الاقوامی اور ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں تعلیم کیلئے سکالرشپ کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ منصوبہ بندی کے بغیر تعمیرات سے جی بی کا قدرتی حسن متاثر ہو رہا تھا اور ماحولیات کے حوالے سے بھی ایک چیلنج تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے صوبے کی ماسٹر پلاننگ کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر صوبوں سے لنک کرنے کیلئے گلگت چترال ایکسپریس وے اور استور نیلم شاہراہ کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ جی بی کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ جی بی کی تعمیر و ترقی کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے 370 ارب کے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج کی منظوری دی ہے جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائیگی۔ جی بی میں انٹرنیٹ 3G اور 4G کامسئلہ تھا، وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی دلچسپی سے جی بی کیلئے 3G اور 4G سپیکٹرم کی نیلامی ہوئی ہے۔ تھری جی اور فور جی کا مسئلہ حل ہونے سے آئی ٹی کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان میں سیاحت، کلین انرجی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نئی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت فراہم کی جائیگی۔


خبر کا کوڈ: 959858

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959858/گلگت-میں-انٹرنیشنل-ایئرپورٹ-کی-تعمیر-کیلئے-سروے-کا-عمل-ا-خری-مرحلے-ہے-خالد-خورشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org