0
Thursday 21 Oct 2021 20:02

فلسطین، الخلیل میں غیر قانونی یہودی بستیوں پر مشتمل 20 سالہ پرانا صیہونی منصوبہ فعال

فلسطین، الخلیل میں غیر قانونی یہودی بستیوں پر مشتمل 20 سالہ پرانا صیہونی منصوبہ فعال
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژيم کی جانب سے غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے بہانے زیادہ سے زیادہ فلسطینی اراضی پر قبضے کے گھناؤنے منصوبے پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کی ایک بائیں ہاتھ کی اسرائیلی تنظیم (Peace now) نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب نے شہر الخلیل کی فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی یہودی بستیوں کے ایک 20 سالہ قدیمی منصوبے کی تکمیل کے لئے اجازت نامے جاری کر دیئے ہیں۔ عرب ای مجلے رأی اليوم کے مطابق اس تنظیم نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت شہر الخلیل کی قدیم فلسطینی آبادی کے درمیان ایک نئی غیر قانونی یہودی بستی تعمیر کرنا چاہتی ہے جس کے لئے تعمیراتی کمپنیوں کو لائسنس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ غير قانونی یہودی بستی 31 گھروں پر مشتمل ہو گی جسے شہر الخلیل کے قدیمی بس ٹرمینیل کی جگہ پر تعمیر کیا جائے گا۔ یہودی تنظیم نے لکھا کہ عالمی مخالفت کے باعث اس صیہونی منصوبے پر 20 سال کی تاخیر سے عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے جبکہ فلسطینی شہر الخلیل کے عین درمیان میں ایک غير قانونی یہودی بستی کی تعمیر کا یہ اقدام "غیر معمولی" ہے کیونکہ سال 1980ء کے بعد آنے والی کسی بھی حکومت نے مغربی کنارے کے سب سے بڑے فلسطینی شہر الخلیل کے عین درمیان میں کسی غیر قانونی یہودی بستی کی تعمیر کی جرأت نہیں کی جبکہ سال 2001ء میں جاری انتفاضے کے دوران اس سلسلے کی صرف 1 عمارت ہی تعمیر کی جا سکی تھی۔

انسانی حقوق کی صیہونزم مخالف یہودی تنظیم کا لکھنا تھا کہ نئی (غاصب) صیہونی حکومت زیادہ سے زیادہ فلسطینی سرزمین پر قبضے کے گھناؤنے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ ماہ جون میں غاصب صیہونی رژيم کی وزارت عظمی سنبھالنے کے موقع پر نفتالی بینیٹ نے پورے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی اندھی حمایت کا اعلان کیا تھا جبکہ عالمی قوانین کے مطابق مغربی کنارہ اور مشرقی قدس شریف "مقبوضہ" اراضی ہے اور اس میں کسی بھی بستی کی تعمیر "غیر قانونی" ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ قدس شریف سمیت پورے مغربی کنارے میں موجود غیر قانونی یہودی بستیوں میں اس وقت 6 لاکھ 50 ہزار سے زائد یہودی غیر قانونی طور پر آباد ہیں۔
خبر کا کوڈ : 959861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش