QR CodeQR Code

تبدیلی کے دعویداروں کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان بھی مہنگائی کی ذمہ دار ہے، فاروق ستار

21 Oct 2021 22:42

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیاستدان نے کہا کہ میں شہر کے مسائل، عوام پہ گرتی مہنگائی کی بجلی، کوٹہ سسٹم، پیٹرول کی بڑھتی قیمت، بیروزگاری کے حل کے لئے نکل رہا ہوں، شہر کا درد رکھنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ میرا ساتھ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہر طرف بے یقینی کا دور ہے، تحریک انصاف کا طرز حکومت مناسب نہیں، قومی سطح پر محسوس ہو رہا ہے کہ اپوزیشن متحد اور منظم نہیں، قومی سطح پر قیادت اور اہلیت کا دیوالیہ پن ہے، قومی سیاست ذمہ داری اور پختگی سے آتی ہے، تین سالوں میں کسی بھی شعبے میں کوئی بہتری نہیں آئی، حکومت کی مکمل ناکامی ہے، غلط پالیسیاں لے کر تحریک انصاف خام خیالی میں ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دے گی، تین سالوں میں ہر اشیاء کی قیمت سو سے دو سو فیصد بڑھی ہے، ادویات کی قیمتوں میں پانچ سو فیصد اضافہ ہوا ہے، تحریک انصاف نے جو تیسرا بجٹ پاس کیا تب سے اب تک پچاس فیصد مہنگائی بڑھی ہے، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان ہو رہا ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہورہا، معیشت کا بیڑا غرق ہے، صوبائی حکومت کی لاک ڈاؤن پالیسی نے مزید تباہیاں مچائیں، وفاقی حکومت غلط پالیسیاں تسلیم کرے اور عوام سے معافی مانگے، پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے تین ماہ کے دوران پچیس فیصد اضافہ ہوا، پہلے موٹر سائیکل اور اب پیٹرول چوری ہو رہا ہے، آٹا مہنگا روٹی مہنگی سب کچھ مہنگا ہے، کراچی سندھ اور ملک پاکستان کے مسائل پر جو تنظیمیں کام کر رہی ہیں انہیں مل بیٹھ کر ان مسائل کے حل کے لئے یکجا ہونا پڑے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملکی بحران، تعلیمی نظام، مہنگائی، کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے لئے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، شہر کے لوگ ہم سے بڑھتی مہنگائی اور شہر سے ہونے والی زیادتیوں کا شکوہ کرتے ہیں، عوام کی امید ہم سے وابستہ ہیں، اگر شہر کے حقوق کے لئے آواز نہ اٹھائی گئی تو آگے شہر مایوسی کی لپیٹ سے باہر نہیں نکل پائے گا، شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے میں نے اپنا قدم بڑھا دیا ہے اور ساتھ ہی تمام شہر کا درد رکھنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ جلد اس شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے میرا ساتھ دیں، میں شہر کے مسائل، عوام پہ گرتی مہنگائی کی بجلی، کوٹہ سسٹم، پیٹرول کی بڑھتی قیمت، بیروزگاری کے حل کے لئے نکل رہا ہوں اور اس سلسلہ میں نہ صرف دیگر لوگوں سے بلکہ عوام الناس سے ہر جگہ ملاقاتیں کر رہا ہوں، انشاء اللہ جلد بڑے پیمانے پر ان مسائل کے حل کے لئے شہر میں مظاہروں اور احتجاجوں کا انعقاد کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 959872

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959872/تبدیلی-کے-دعویداروں-ساتھ-ایم-کیو-پاکستان-بھی-مہنگائی-کی-ذمہ-دار-ہے-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org