0
Thursday 21 Oct 2021 23:08

مستقبل کی سیاست میں تحریک انصاف کا کوئی کردار نظر نہیں آتا، جام اکرام اللہ دھاریجو

مستقبل کی سیاست میں تحریک انصاف کا کوئی کردار نظر نہیں آتا، جام اکرام اللہ دھاریجو
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے سنجیدہ حل پر یقین رکھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سخت ہدایات ہیں کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ اسی مقصد کے حصول کے صوبے بھر میں ہر ضلع میں کھلی کچہریاں منعقد کی جارہی ہیں اور ان کھلی کچہریوں میں وزیراعلیٰ سندھ سمیت پوری کابینہ عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، ان کھلی کچہریوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، معیشت زوال کا شکار ہے، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام اور صنعت کار دونوں کو پریشان کردیا ہے۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، پٹرول ڈالر چینی آٹا تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے خلاف عوام کا سونامی وفاقی حکومت کو بہا لے جائے گا، ملک بھر میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف احتجاج شروع ہوچکا ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ عمران خان کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ استعفیٰ دے کر گھر جائیں، آئندہ سیاست میں تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مستقبل پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل کا وسیع تجربہ رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 959878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش