0
Friday 22 Oct 2021 22:34

بڑھتی مہنگائی کیخلاف گلگت میں نون لیگ کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی

بڑھتی مہنگائی کیخلاف گلگت میں نون لیگ کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی
اسلام ٹائمز۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف مسلم لیگ نون نے گلگت میں احتجاجی ریلی نکالی اور اتحاد چوک پر جلسہ کیا۔ جمعہ کے روز نون لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے ریلی نکالی گئی جو اتحاد چوک پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیا کر گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی میں جے یو آئی کے کارکناں بھی پارٹی جھنڈوں کے ساتھ شریک وہئے۔ اتحاد چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نون لیگ کے صوبائی صدر و سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے کہا کہ بدترین مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ امیر غریب ہو رہے ہیں، غریب غریب سے غریب تر ہو رہے یہں۔ سیمنٹ کی بوری ایک ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، ستر سال میں ساڑھے چار سو سے نہیں بڑھا لیکن ان تین سالوں میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت ایک ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی، گھی ڈیڑھ سو سے پانچ سو فی کلو ہو گیا ہے۔

حفیظ الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام جماعتوں، تاجر تنظیموں، سرکاری ملازمین اور عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ روڈ پر نکلیں اور اس نااہل حکومت کو گھر بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں گرمیوں میں بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہم نے 60 کروڑ میں سولہ میگاواٹ ڈیزل پاور ہاﺅس بنانے کا فیصلہ کیا تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے اس کا ٹینڈر ہی منسوخ کروا دیا اور آج ساٹھ کروڑ کرایہ دے کر جنریٹر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بھی مہنگی کر دی گئی ہے، ناقص آٹا کھلانے سے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں، ہسپتال میں آدھے سے زائد مریض آٹا کھانے سے آرہے ہیں، لوگ معدے کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ حفیظ الرحمن کا مزید کا کہنا تھا کہ عشرہ رحمت اللعالمین منانا اچھی بات ہے لیکن اس کے نام پر قومی خزانے سے تین کروڑ روپے اڑائے گئے، کسی غریب کو کچھ نہیں ملا، صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بلا بلا کر کھلایا گیا۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے عوام کو کوئی خوشخبری نہیں ملی، ہر روز ٹی وی پر مہنگائی کی خبریں ہی سننے کو مل رہی ہے۔ عمران خان اپنی چوری اور نااہلی چھپانے کیلئے ریاست مدینہ کے نام کو استعمال کر رہے ہیں۔جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا عطاء اللہ شہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روز مہنگائی کے بم برسائے جا رہے یہں، عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف غریبوں کے خون ہی نہیں چوس رہے بلکہ پاک فوج اور اداروں کو بھی بدنام کر رہے ہیں، عمران خان آئین پاکستان اور ملکی سالمیت کیلئے رسک بن چکا ہے، اس حکومت کو مزید برداشت کرنے کی کوئی گنجائش ہی نہیں رہی۔ سابق ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹا چوروں اور چینی چوروں کو صادق اور امین کہنا ظلم ہے۔

مہنگائی سے سفید پوش بھی خریدنے کے قابل نہ رہے، مہنگائی کسی ایک فرد کا نہیں، سب کا مسئلہ ہے، ہم دیگر لوگوں کو بھی اس بات قائل کرینگے تاکہ وہ بھی احتجاج میں شامل ہوں۔ اس وقت پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے، عمران خان مزید دو سال رہے تو ملکی سالمیت بھی خطرے میں پڑجائے گی۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد شفیع خان نے کہا کہ گلگت بلتستان سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرنا چاہیے۔ چور حکمران غریبوں کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں، اب تو ملکی آئین، عسکری قیادت اور اداروں کو بھی بدنام کیا جا رہا ہے، کتنے شرم کی بات ہے کہ وزراء مہنگائی کا دفاع کر رہے ہیں، یہ احتجاج صرف شروعات ہے، یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک نیازی حکومت ختم نہیں ہو جاتی۔
خبر کا کوڈ : 959881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش