QR CodeQR Code

بدقسمتی سے امت مسلمہ نے وحدت کو فراموش کرکے تفرقہ کو اپنا لیا، علامہ جواد نقوی

22 Oct 2021 16:36

لاہور میں جمعہ کے خطبہ کے دوران جامعہ عروۃ الوثقی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کسی نصاب میں وحدت کا درس نہیں، کسی مدرسہ کی کتاب میں اور کسی استاد کی زبان پر وحدت کا کوئی درس نہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلا دینی کام جہت درست کرنا ہے، یعنی ہمیں سب سے پہلے اپنا رُخ خدا کی طرف کرنا ہوگا اور پھر وحدت شکنی سے خود کو محفوط کرنا ہوگا، کیونکہ یہ ظلم ہے اور وحدت شکنی شرک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے جامعہ مسجد بیت العتیق لاہور میں خطبہ جمعہ میں حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ کے بہت سے ارکان ہیں، جس میں وحدت انتہائی ضروری ہے۔ قابل افسوس امر ہے کہ وحدت کا موضوع، روح اور حقیقتِ وحدت کو امت نے فراموش کر دیا اور وحدت کی جگہ تفرقہ نے لے لی۔ بدقسمتی سے کسی نصاب میں وحدت کا درس نہیں، کسی مدرسہ کی کتاب میں اور کسی استاد کی زبان پر وحدت کا کوئی درس نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلا دینی کام جہت درست کرنا ہے، یعنی ہمیں سب سے پہلے اپنا رُخ خدا کی طرف کرنا ہوگا اور پھر وحدت شکنی سے خود کو محفوط کرنا ہوگا، کیونکہ یہ ظلم ہے اور وحدت شکنی شرک ہے۔

علامہ جواد نقوی نے مزید کہا کہ وحدت اسلامی وقت کا تقاضا نہیں بلکہ حکمِ خداوندی ہے، شرکِ تفرقہ سے توبہ وحدت سے ہوگی اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دو چیزوں کو اپنے لئے لازم کر لیں، ایک رسولِ خُدا کی رحمت اور دوسرا آپس میں بھی رحما بنیں۔ انہوں نے خطبہ جمعہ میں مزید کہا کہ ہفتہ وحدت کے ان ایام کو عملی طور پر وحدت کے طور پر ہونا چاہیئے۔ وحدت کی عملی کوششوں میں سے ایک کوشش جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے بھی ہوتی ہے، 12 ربیع الاول کو وحدت امت ریلی پُرشکوہ انداز میں نکالی گئی، یہ خوش آئند ہے کہ میڈیا نے منظم انداز میں ہونے والی ریلی کو نمایاں کیا۔ علامہ جواد نقوی نے مزید کہا کہ تمام مسلک کے قائدین کو اپنے مسلک میں بھی وحدت کے فروغ کیلئے کاوشیں کرنی چاہیئے اور ایسے تمام امور جو وحدت کو نقصان پہنچائیں، ان سے گریز کرنا چاہیئے۔ وحدت کے پروگرامات کے مقابلے میں بھی وحدت کا ہی پروگرام رکھ دینا، یہ عمل بھی وحدت کو نقصان پہنچاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 959948

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959948/بدقسمتی-سے-امت-مسلمہ-نے-وحدت-کو-فراموش-کرکے-تفرقہ-اپنا-لیا-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org