0
Friday 22 Oct 2021 21:25

عوام کے پاس پی ایس پی کے علاہ اب کوئی دوسرا آپشن نہیں، مصطفیٰ کمال

عوام کے پاس پی ایس پی کے علاہ اب کوئی دوسرا آپشن نہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ضلع چترال کی عوام کے ساتھ جاری وفاقی اور صوبائی حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور بے حس حکمرانوں نے ملک کے حساس ترین علاقے چترال، جو ناصرف پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا ضلع ہے بلکہ اس کی سرحدیں تین ممالک کے ساتھ بھی ملتی ہیں، اسکی عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، پہلے ہی اسمبلیوں میں چترال کی مناسب نمائندگی موجود نہیں ہے، اوپر سے حکومت نے خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کم کئے جانے سے وہاں کی محب وطن عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، چترال دو ضلعوں میں تقسیم کے باوجود انتظامی معاملات بہتر نہیں بنائے جارہے، سرکاری ملازمین بھی نئے ضلع کے قیام سے رہائش سے دور پوسٹنگ کی وجہ سے پریشان ہیں، پاک سرزمین پارٹی چترالی عوام کے مطالبات کی ناصرف حمایت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں چترال کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے، گرم چشمہ روڈ، کے مقامات کے رابطہ پلوں کی خستہ حالی بالخصوص شندور روڈ، اور تورخو روڈ سے متعلق متعدد مرتبہ مطالبہ کرچکے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان علاقوں میں شدید سردیوں میں اشیاء ضروریات کی شدید کمی کے باعث انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے لیکن نااہل اور بیحس حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، قوم نے تمام تجربات کرکے دیکھ لئے، اب عوام کے پاس پی ایس پی کے علاہ اب کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس پی ضلع چترال کے عہدے داران سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کیا۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ صرف پاک سر زمین پارٹی ہی کو چترال کی عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور انکے مسائل کے حل کا علم ہے کیونکہ صرف ہمارے پاس ہی وہ کردار، قابلیت اور تجربہ ہے جو پاکستان کے تمام مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چترال کی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر و ترقی کی جانب توجہ دینے سے جہاں ایک جانب پاکستان سیاحت کو فروغ ملے گا وہیں خاطر خواہ زرمبادلہ میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔
خبر کا کوڈ : 960002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش