QR CodeQR Code

پیغمبر اعظمﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل

23 Oct 2021 01:30

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پیغمبر اعظمﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس“ کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل میں شامل مذہبی جماعتوں کے ایک اہم اجلاس کا انعقاد جماعت اسلامی کے دفتر اسلام آباد میں ہوا، جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء لیاقت بلوچ، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ثاقب اکبر سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور مذہبی جماعتوں کے کردار کو زیر بحث لایا گیا۔ سترہ ربیع الاول کو کنونشن سینٹر میں ”پیغمبر اعظمﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس“ کے عنوان سے منعقد ہونے والی تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بعد ازاں ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پیغمبر اعظمﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس“ کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ 24 اکتوبر بمطابق سترہ ربیع الاول سہ پہر دو بجے کنونشن سینٹر میں تقریب کا آغاز ہو جائے گا، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری مہمان خصوصی ہوں گے۔ ملک کی مختلف مذہبی جماعتوں کے سربراہان اور رہنماء بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے اور ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 960041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960041/پیغمبر-اعظمﷺ-مرکز-وحدت-مسلمین-کانفرنس-کی-تیاریاں-حتمی-مرحلے-میں-داخل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org