QR CodeQR Code

ہمارے ساتھیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے، ناراض اراکین کا دعویٰ

23 Oct 2021 16:36

اپنے ایک مشترکہ بیان میں بی اے پی کے ناراض اراکین اور اپوزیشن نے کہا ہے کہ ہم سب متحد ہیں اور وزیراعلیٰ کے کسی بھی پریشر میں نہیں آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین اور متحدہ اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں وزیراعلیٰ جام کمال کیخلاف ان کے ساتھیوں کی تعداد 40 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے اراکین اسمبلی حاجی میر اکبر آسکانی، بشریٰ رند، ماہ جبین شیران اور لیلیٰ ترین کو دوبارہ اپنے کیمپ میں خوش آمدید کہا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور اپوزیشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم حاجی اکبر آسکانی اور اپنے خواتین اراکین اسمبلی کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے جام کمال کی جانب سے بڑے پریشر اور دھونس دھمکیوں کے باوجود اپنی وفاداریاں تبدیل نہیں کیں اور آخری وقت تک اپنے مؤقف اور نظریے پہ ڈٹے رہیں۔ یہ چاروں ایم پی ایز بلوچستان کے ہیروز ہیں، جنہوں نے بلوچستان کے عوام کے وسیع تر مفادات اور بلوچستان کی ترقی کی خاطر ان سخت حالات کا مقابلہ کیا اور آج وہ سرخرو ہوئے ہیں۔

بی اے پی کے ناراض اراکین اور متحدہ اپوزیش جماعتوں کے ارکان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب متحد ہیں اور ہم یہ عہد کرچکے ہیں کہ نااہل وزیراعلیٰ کے کسی بھی پریشر میں نہیں آئیں گے۔ جام کمال خان اس کرسی پر بیٹھنے کا اخلاقی جواز کھو چکا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ناراض اراکین و اپوزیشن کی تعداد 40 سے تجاوز کرچکی ہے۔ ہم جام کمال کو ایک بار پھر تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ باعزت طریقے سے مستعفی ہوجائیں۔ ورنہ 25 تاریخ کو انہیں جمہوری طریقے سے گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 960144

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960144/ہمارے-ساتھیوں-کی-تعداد-40-سے-زیادہ-ہے-ناراض-اراکین-کا-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org