QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر کیخلاف 10 کروڑ کا ہتک عزت کا نوٹس

23 Oct 2021 20:52

محبوبہ مفتی نے اپنے نوٹس میں ستیہ پال ملک سے کہا ہے کہ وہ 30 دنوں کے اندر معاوضہ کے طور پر 10 کروڑ روپے ادا کرے یا قانونی کارروائی کا سامنا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے روشنی ایکٹ سکینڈل معاملے میں مبینہ طور پر ان کا نام لئے جانے پر جموں کشمیر کے سابق اور میگھالیہ کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک کو دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ ستیہ پال ملک نے محبوبہ مفتی پر روشنی ایکٹ کے تحت سرکاری زمین ہڑپنے کا الزام لگایا تھا۔ محبوبہ مفتی نے 20 اکتوبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں ستیہ پال ملک کو اپنا بیان واپس نہ لینے کی صورت میں، قانونی چارہ جوئی کرنے کی تنبیہ کی تھی۔ محبوبہ مفتی نے اپنے نوٹس میں ستیہ پال ملک سے کہا ہے کہ وہ 30 دنوں کے اندر معاوضہ کے طور پر 10 کروڑ روپے ادا کرے یا قانونی کارروائی کا سامنا کرے۔

ہائی کورٹ کی جموں ونگ کے سینئر وکیل انیل سیٹھی نے ستیہ پال ملک کو نوٹس ارسال کیا ہے۔ انیل سیٹھی نے نوٹس میں کہا ہے کہ محبوبہ مفتی معاوضے کی رقم کو اپنے لئے نہیں بلکہ عوامی بہبود کے لئے استعمال کریں گی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ آپ کے بیان کی وجہ سے میری موکل کی ساکھ اور نیک نامی کو ہونے والے نقصان کی آپ کی جانب سے ادا کی جانے والی رقم سے برپائی نا ممکن ہے، پھر بھی میری موکل نے آپ کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ستیہ پال ملک کی باتیں سراسر غلط ہیں میری قانونی ٹیم ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 960162

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960162/مقبوضہ-کشمیر-کے-سابق-گورنر-کیخلاف-10-کروڑ-کا-ہتک-عزت-نوٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org