0
Saturday 23 Oct 2021 19:47

شیعہ عقائد پر تنقید، ایوب بلوچ معطل، وضاحتی ویڈیو بھی کام نہ آئی

شیعہ عقائد پر تنقید، ایوب بلوچ معطل، وضاحتی ویڈیو بھی کام نہ آئی
اسلام ٹائمز۔ فیصل آباد میں ڈویژنل پبلک سکول میں عید میلادالنبی (ص) کے سلسلہ میں منعقد کانفرنس سے خطاب کے دوران اہل تشیع کے عقائد پر تنقید کرنیوالے ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد ایوب بلوچ کو اہل تشیع کی جانب نوٹس لئے جانے پر کمشنر فیصل آباد زاہد حسین نے ایڈیشنل کمشنر کی خدمات سرنڈر کرتے ہوئے انہیں چیف سیکرٹری پنجاب کو رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متنازع تقریر کرنے پر ایوب بلوچ کی خدمات سرنڈر کر دی گئی ہیں اور انہیں فوری طور پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں ایوب بلوچ کو پنجاب حکومت کی صوابدید پر بھیج دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایوب بلوچ نے وضاحتی ویڈیو جاری کی تھی۔ اپنی ویڈیو میں ایوب بلوچ نے کہا ہے کہ میں نے جو بات سیرت النبی (ص) کانفرنس میں دوران خطاب کی تھی، وہ فقط میری ذات کے حوالے سے تھی، ملت جعفریہ کے حوالے سے میری تقریر میں کوئی ذکر نہیں۔ ایوب بلوچ نے کہا ہے کہ میرے آقا کریم رحت دو عالم (ص) اور ان کی آل پاک (ع) کی محبت دین کی اساس ہے اور بطور مسلمان اہلبیت (ع) کی محبت میرے ایمان کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں مسالک کے تمام اہل اسلام میرے لئے محترم ہیں۔ ایوب بلوچ نے کہا کہ ملت جعفریہ اور ملت جعفریہ کے اکابرین میری وضاحت قبول کرکے اسلامی اقدار کو سرفراز فرمائیں۔ یاد رہے کہ ڈی پی ایس فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے ایوب بلوچ نے کہا کہ "نماز مقرر وقت پر پڑھنے کی آیت محکمات میں ہے، متشابہات میں نہیں، پھر ایک ایسا مسلک بھی ہے، جو پتہ نہیں کہاں سے دلیلیں پیش کرتا ہے، ملا کر نمازیں پڑھنے کی۔ ایک تو کفر پھر اس پر جواز بھی پیش کرتے ہیں۔" ایوب بلوچ کے اس بیان کے بعد اہل تشیع کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا، جبکہ ایم ڈبلیو ایم نے ایوب بلوچ کی معطلی کا مطالبہ کر رکھا ہے اور احتجاج کا سلسلہ جاری تھا، جس پر اپنے انجام سے بچنے کیلئے ایوب بلوچ نے وضاحتی ویڈیو جاری کی، اس کے باوجود ان کی کرسی نہ بچ سکی۔
خبر کا کوڈ : 960166
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش