QR CodeQR Code

حکمران کرپشن کا خاتمہ کر سکے نہ ہی بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کیا، ثروت اعجاز قادری

23 Oct 2021 20:28

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حکمرانواں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا تو ان کا محاسبہ عوام کرنے کیلئے سڑکوں پر آجائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور بیرونی قرضے اور اقربا پروری مہنگائی کا بڑا سبب ہیں، حکمران کرپشن کا خاتمہ کر سکے اور نہ ہی بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کیا، عوام سے حکمران طبقے نے جو وعدے کئے، حل ہونا تو دور کی بات اس پر عمل تک نہیں کیا گیا، ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومتی طبقہ دن رات پیٹرول، بجلی، گیس، چینی اور آٹا سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرنے میں مصروف رہتا ہے، معاشی پالیسیاں بنانے والوں کو اندازہ ہی نہیں ہے کہ غریب بھوک سے مر رہا ہے اور غربت میں جتنا اضافہ موجودہ ادوار میں ہوا ہے، کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور غربت بام عروج پر ہیں، دعوؤں سے کام چلانے کا وقت گذر گیا، حکمرانواں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا تو ان کا محاسبہ عوام کرنے کیلئے سڑکوں پر آجائیں گے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج بتا رہے ہیں کہ عوام حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، پیٹرول، بجلی، گیس اور ضرورت اشیا دنیا میں اتنی مہنگی نہیں کہ جتنی پاکستان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں غریبوں کو بجلی، پیٹرول اور روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیا پر سبسڈی دے کر ریلیف دیا جاتا ہے، مگر ہمارے یہاں ان چیزوں پر اصل قیمتوں سے زیادہ ٹیکس وصولی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مہنگائی کو ختم اور معاشی استحکام کیلئے سنجیدہ فیصلے کریں، عوام کو فوری طور پر روزمرہ استعمال ہونیوالی اشیا پر ریلیف نہیں دیا گیا، تو اس کے منفی نتائج نکلیں گے، جس کی ذمہ داری حکمرانوں کے کاندھوں پر ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 960179

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960179/حکمران-کرپشن-کا-خاتمہ-کر-سکے-نہ-ہی-بیرونی-قرضوں-سے-چھٹکارا-حاصل-کیا-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org