QR CodeQR Code

گیارہ سال تک گورنر بن کر قوم کو بیوقوف بنانے والے کا بھی احتساب ہونا چاہیئے، ڈاکٹر سلیم حیدر

23 Oct 2021 23:40

ایک بیان میں چیئرمین ایم آئی ٹی کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنے گورنری کے عہدے کو برقرار کھنے کیلئے مہاجر دشمنوں سے مفاہمت اور معاملات کرتا رہا، اب وہ دبئی میں بیٹھ کر مہاجروں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کو تباہ و برباد کرنے والے پیداگیروں کے درمیان اپنے مفادات کی وجہ سے جھگڑے شروع ہوگئے ہیں، مہاجروں کے ماضی، حال اور مستقبل کا سودا کرنے والے آج چھوٹے چھوٹے سے مفادات کیلئے دست و گریباں ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کے مقتدر حلقوں نے ان لوگوں کو اقتدار دے دیا جن کو جرائم اور بدعنوانی کی پاداش میں جیلوں میں ہونا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ وہ شخص جو گیارہ سال تک گورنری کے مزے لوٹتا رہا، جس نے کبھی مہاجروں کے حقوق کیلئے دو لفظ نہیں کہے اور نہ ہی مہاجروں کے مستقبل کیلئے عملی کام کیا اور وہ صرف اپنے گورنری کے عہدے کو برقرار کھنے کیلئے مہاجر دشمنوں سے مفاہمت اور معاملات کرتا رہا، اب وہ دبئی میں بیٹھ کر مہاجروں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

سلیم حیدر نے مزید کہا کہ سندھ کے مہاجر یہ جانتے ہیں کہ کس نے مہاجر نام پر جائیدادیں بنائیں اور اب بھی مال کمانے میں مصروف ہیں اور کون مہاجر حقوق کیلئے بے سروسامانی کے عالم میں جدوجہد کرتا رہا ہے، اب مہاجروں پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان پیداگیر اور لٹیروں کا احتساب کریں جو مہاجروں کی پشت میں چھرے گھونپتے رہے ہیں اور اب بھی سندھ کے مہاجروں کو بیوقوف بنارہے ہیں، 30 سال سے اقتدار میں بیٹھے یہ عناصر اب بے نقاب ہوچکے ہیں، اقتدار ان کی مجبوری ہے کیونکہ انہیں اپنے جرائم اور لوٹ مار کو تحفظ دینے کیلئے اقتدار حاصل کرنا ہوتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 960207

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960207/گیارہ-سال-تک-گورنر-بن-کر-قوم-کو-بیوقوف-بنانے-والے-کا-بھی-احتساب-ہونا-چاہیئے-ڈاکٹر-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org