QR CodeQR Code

پی ڈی ایم کے مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے صرف ڈرامے ہیں، بلال غفار

23 Oct 2021 23:54

ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم عمران خان کیخلاف پروپیگنڈا کرنے کا شوق پورا کرے، ذلت و رسوائی ن لیگ کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے، پی ڈی ایم جتنا چاہے زور لگالے عمران خان اپنی حکومت کا وقت پورا کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے پی ڈی ایم کے مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہروں کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیروزگار پی ڈی ایم عوامی درد کیلئے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے احتجاج کررہی ہے، احتجاجی مظاہروں میں چیخ و پکار کرکے حقائق بدل نہیں سکتے۔ انہوں نے میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بجلی اور گیس کے مہنگے معاہدے عمران خان نے نہیں بلکہ ن لیگ نے ماضی میں کئے ہیں، پی ڈی ایم ایک کرپٹ ٹولہ ہے جسے خود کیلئے  سچ سننے کی عادت نہیں ہے بلکہ جھوٹے بیانات سے پروپیگنڈا کرنے کی عادت ہے، عوام اپوزیشن کے استعفوں کا ناٹک نہیں بھولے، سڑکوں پر شور شرابے کے بجائے پی ڈی ایم اپنے اتحادی جماعت ن لیگ سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مہنگائی کی وجہ پوچھیں۔

بلال غفار کا کہنا تھا کہ ماضی کے لگائے گئے مہنگے اور غیر ضروری منصوبوں کا خمیازہ وفاق بھگت رہی ہے، پی ٹی آئی کا کوئی معاہدہ اتنا مہنگا نہیں ہے، پیٹرول کی قیمتیں دنیا بھر میں زیادہ ہیں، ن لیگ کی حکومت میں ڈالر کو مصنوعی طور پر مستحکم رکھا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن اداروں سے ریونیو اکھٹا کرنا تھا ان کے سودے کئے گئے، پی ڈی ایم بغض عمران خان میں جھوٹ کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے، کووڈ میں وزیراعظم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز کو اپنایا، ملکی معیشت کو بہتر کیا، پی ڈی ایم عمران خان کیخلاف پروپیگنڈا کرنے کا شوق پورا کرے، ذلت و رسوائی ن لیگ کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے، پی ڈی ایم جتنا چاہے زور لگالے عمران خان اپنی حکومت کا وقت پورا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 960209

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960209/پی-ڈی-ایم-کے-مہنگائی-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرے-صرف-ڈرامے-ہیں-بلال-غفار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org