0
Sunday 24 Oct 2021 09:02

ٹی ایل پی کا لانگ مارچ نکلتے ہی لاہور میں زندگی معمول پر آگئی

ٹی ایل پی کا لانگ مارچ نکلتے ہی لاہور میں زندگی معمول پر آگئی
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ لاہور سے نکل گیا تو شہریوں نے سُکھ کا سانس لیا۔ شہر کی بند کی گئی سڑکیں بھی کھل گئیں اور موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بحال ہو گئی۔ لانگ مارچ 19 گھنٹے لاہور کی حدود میں رہا۔ مارچ کے شرکاء کے شاہدرہ موڑ عبور کرتے ہی شہر میں کاروبار زندگی بحال ہو گیا۔ کالعدم ٹی ایل پی نے جمعہ کی نماز کے بعد سہ پہر 4 بجے اسلام آباد کیلئے مارچ شروع کیا۔ قافلہ سمن آباد سے ہوتا ہوا چوبرجی چوک پہنچا، جہاں مارچ کے شرکاء نے نماز مغرب ادا کی۔ قافلہ چوبرجی چوک سے ہوتا ہوا ایم اے او کالج چوک پہنچا۔ جہاں پولیس نے قافلے کو روک لیا۔

تصادم میں ایک جانب سے شیلنگ اور دوسری جانب سے پتھراو کیا گیا۔ اس تصادم میں مظاہرین کی جانب سے پیٹرول بم پھینکے گئے جس سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ کالعدم ٹی ایل پی کے رہنماوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے بھی چار کارکن شہید ہوئے ہیں تاہم ان کی لاشیں سامنے نہیں آئیں، البتہ درجنوں کارکن یہاں زخمی ہوئے۔ پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ادا  کی گئی۔ نماز جنازہ میں تمام اعلیٰ پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔ شہدائے پولیس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دو گھنٹے بعد قافلہ کچہری چوک سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچا۔ داتا دربار کے سامنے بھاٹی چوک میں ایک بار پھر تصادم شروع ہو گیا۔ داتا دربار 3 گھنٹے بیٹھنے کے بعد قافلے کے شرکا نے آزادی چوک فلائی اوور کا رُخ کیا اور رات وہیں بسر کی۔

نماز فجر کی ادائیگی کے بعد صبح دوبارہ قافلے نے مارچ کا آغاز کیا۔ پولیس نے روکنے کی آخری کوشش کی۔ راوی پل، بتی چوک، پرانا پل اور سگیاں پل بند کر دیئے گئے۔ مارچ کے شرکاء کی بتی چوک میں دوبارہ پولیس کیساتھ جھڑپ ہوئی تاہم کارکنان راوی پل پر لگائے گئے کنٹینر ہٹانے میں کامیاب ہو گئے اور راوی پل عبور کرکے شاہدرہ موڑ پہنچے جہاں سے قافلہ امامیہ کالونی پھاٹک عبور کرکے لاہور کی حدود سے نکل گیا۔ مارچ کے شرکاء رانا ٹاون پہنچے تو پولیس کیساتھ دوبارہ مڈبھیڑ ہوگئی۔ اس تصادم میں بھی کالعدم ٹی ایل پی کے درجنوں کارکن زخمی ہوئے۔

مذہبی جماعت کے قافلے کے لاہور سے نکلنے کے بعد بند راستے ٹریفک کیلئے کھول دئیے گئے۔ بابو صابو سے سکیم موڑ اور یتیم خانہ سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ لوئر مال، راوی پل، سیکرٹریٹ چوک پر ٹریفک چل پڑی۔ چونگی امرسدھو، ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، موہلنوال، جی ٹی روڈ پر بھی صورتحال معمول کے مطابق آ گئی۔ راستے کھلنے سے متبادل راستوں فیروز پور روڈ، جیل روڈ، وحدت روڈ، مال روڈ، کینال روڈ پر بھی ٹریفک کے دباو میں کمی آ گئی۔ میٹرو بس سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم اورنج لائن ٹرین کو تین متاثرہ سٹیشنز کی مرمت کے بعد بحال کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 960237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش