0
Sunday 24 Oct 2021 11:08

مسلم لیگ (ن) کے مبشر جاوید نے لاہور میئر کا چارج سنبھال لیا

مسلم لیگ (ن) کے مبشر جاوید نے لاہور میئر کا چارج سنبھال لیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) مبشر جاوید نے میئر لاہور کا عہدہ سنبھالا لیا جبکہ پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ ذرائع کے  مطابق مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے یونین کونسلوں کے تمام چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی اس موقع پر میئر کے ہمراہ تھے۔ مبشر جاوید نے تمام یونین کونسلوں کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کے افسران کو احکامات بھی جاری کیے کہ وہ کسی دوسرے محکمے کے اجلاسوں میں شرکت سے قبل حکام سے اجازت لیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اور احتساب (پیڈا) ایکٹ کے تحت ان ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہیں دوسرے محکموں کے اجلاسوں میں شرکت سے قبل اجازت نہیں ملے گی۔ علاوہ ازیں مقامی حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت صوبے میں میونسپل کارپوریشنز اور ضلع کونسلوں کو بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ایل جی سیکرٹری نورالامین مینگل نے چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کو چیف افسر میونسپل کارپوریشن اور چیف افسر تحصیل کونسل اور چیف افسر ڈسٹرکٹ کونسل کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔انہوں نے صوبے کے 35 ڈسٹرکٹ ایم سی ایل افسران کے تقرر کے احکامات جاری کیے جبکہ لاہور شہر پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن رہے گا۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 25 مارچ کو پنجاب میں مقامی حکومتوں کی بحالی کے حکم کے تقریباً 8 ماہ بعد لاہور کے میئر کرنل (ر) مبشر جاوید کو اپنا عہدہ سنبھالنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ مختلف بنیادوں پر بحالی کے اعلان کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے منتخب نمائندوں کو اپنے عہدے سنبھالنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

پی ایل جی اے 2019ء کے تحت پنجاب حکومت نے 2013ء کے ایکٹ میں بتائے گئے 11 کے بجائے 17 میونسپل کارپوریشنز کے علاوہ ایک کے بجائے 9 میٹروپولیٹن کارپوریشنز بنائی تھیں۔ اسی طرح حکومت نے میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 182 سے کم کر کے 133 کر دی اور مزید 11 تحصیل کمیٹیاں بنائی ہیں۔ 2013ء کے ایکٹ میں موجود 35 ڈسٹرکٹ کونسلز کو بھی ختم کر دیا گیا اور 2019ء کے ایکٹ نے 136 تحصیل کونسلیں بنائی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 960249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش