0
Sunday 24 Oct 2021 14:07

مغرب اور سیکولر طبقے کیساتھ فائنل میچ کا وقت آ گیا ہے، وحدت امت کانفرنس

امت فیصلہ کرے، میچ منتشر رہ کر ہارنا ہے، یا متحد ہوکر جیتنا ہے، علماء کا خطاب
مغرب اور سیکولر طبقے کیساتھ فائنل میچ کا وقت آ گیا ہے، وحدت امت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں تشدد اور وحشت کی طرف نہیں جانا، آج اگر پاکستان میں کچھ ہوتا ہے تو دشمن اسے انتشار کیلئے بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ مقررین نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ مودی تمہیں العروۃ الوثقیٰ کا سٹیج دیکھاتے ہیں، جہاں وحدت کا خوبصورت منظر پیش کرنے کیلئے تمام مسالک کے علماء موجود ہیں جو اپنے وطن کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔ جامعہ نعیمیہ کے سربراہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ بات صرف ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کی ہے، ایک دوسرے کو قبول کریں گے تو رحماء بینھم کی تفسیر نظر آنا شروع ہو جائے گی۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ میں نے خود یہ علامہ عارف حسین الحسینیؒ سے سنا ہے سنی اور شیعوں کے درمیان مل جل کر رہنا سنت علوی ہے۔ پروفیسر ظفراللہ شفیق کا کہنا تھا کہ قیامت تک اگر رسول اللہ ﷺ کی معیت میں رہنا چاہتے ہو تو آپس میں جڑ جاؤ اور کفار کے مقابلے میں شدید ہو جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کے ماننے والے خون بہا دیں گے لیکن خالص مسئلہ بتانے کیلئے تیار نہیں، جب بھی بات کرتے ہیں اپنے مسلک کی بات اس میں ہوتی ہے۔ یہ نہیں سوچتے کہ ایسی بات کریں جس سے میرے مولا راضی ہوجائیں، بے شک مسلک ناراض ہو جائے۔ جامعہ سراجیہ راولپنڈی کے سربراہ سید چراغ الدین کا کہنا تھا کہ میں مبارکباد دیتا ہوں سید جواد نقوی کو، کہ آپ اولاد رسول ہیں، آپ نے جق ادا کیا اپنے نانے کی آل کو ایک خوبصورت مجلس میں جمع کرکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج اکھٹے ہو جائیں اللہ کے فضل سے تو وہ نظام آئے گا، ہمارے ملک میں جو اللہ چاہتا ہے۔

امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ جس معاشرے کے اندر عقل کی جگہ جذبات غالب ہوں، وہ معاشرہ کبھی ارتقاء نہیں کر پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین نے عقل کو دعوت دی ہے، قرآن کی تمام تعلیمات عقلوں پر مبنی ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ قرآن پاک نے کبھی مسلمانوں کو قوم نہیں کہا بلکہ امت کہا ہے، کیونکہ قوم نسبیت اور لسانیت سے بنتی ہے اور امت عقیدہ اور ایمان سے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور سیکولر طبقے کیساتھ یہ فائنل میچ کا وقت آ گیا ہے، اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم اس کو اختلاف کے ذریعہ کھیلیں اور ہار جائیں یا اتحاد کیساتھ جیت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم تُو بہ تُو ہونے کی بجائے رُو برُو ہو جائیں۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ آج ہمیں تشدد اور وحشت کی طرف نہیں جانا آج اگر پاکستان میں کچھ ہوتا ہے تو دشمن اسے انتشار کیلئے بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، لیکن آؤ مودی تمہیں العروۃ الوثقیٰ کا سٹیج دیکھاتے ہیں، جہاں وحدت کا خوبصورت منظر پیش کرنے کیلئے تمام مسالک کے علماء موجود ہیں، جو اپنے وطن کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جو عظیم کام لے کر علامہ سید جواد نقوی صاحب چلے ہیں ہم ان کیساتھ ہیں۔ قونصل جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور محمد رضا ناظری نے کہا کہ اسلام دین وحدت ہے، وحدت کیخلاف سازشیں دراصل اسلام کیخلاف سازشیں ہیں، ان سازشوں کا مقابلہ وحدت سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن امت متحد ہوگئی، وہ امت کی سرفرازی کا دن ہوگا، وہ اسلام کی سربلندی کا دن ہوگا۔ محمد رضا ناظری نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت سے بالا تر ہو کر ایک امت بن کر سوچنا ہوگا، ہماری وحدت میں ہی اسلام اور امت دونوں کی بقاء ہے، آج عالم کفر عالم اسلام کیخلاف متحد ہے، لیکن عالم اسلام خواب غفلت میں ہے، امام خمینیؒ نے ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے امت کو ایک پلیٹ فارم پرلاکھڑا کیا، آج اس کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 960267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش