0
Sunday 24 Oct 2021 18:31

اردن کے متعدد نمائندے دمشق کا دورہ کر چکے، اسرائیل کیخلاف جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، شام

اردن کے متعدد نمائندے دمشق کا دورہ کر چکے، اسرائیل کیخلاف جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، شام
اسلام ٹائمز۔ عرب چینل المیادین کے مطابق شامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عرب ممالک کی جانب سے شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوششیں، غاصب صیہونی رژیم کے بارے شامی موقف میں ذرہ برابر تبدیلی نہیں لا سکتیں۔ المیادین کے ساتھ گفتگو میں شام کے ایک اعلی سطحی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ اردن کی جانب سے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی خاطر گذشتہ سال سے شامی حکومت کے ساتھ رابطہ برقرار ہے جبکہ آخری مرتبہ شامی صدر بشار الاسد اور اردنی شاہ عبداللہ ثانی کے درمیان ہونے والی گفتگو، اپنی نوعیت کے لحاظ سے کوئی پہلی گفتگو نہ تھی۔ شامی حکومت کے اعلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ گذشتہ 1 سال کے دوران شاہ اردن کے متعدد نمائندے شامی صدارتی محل کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ 1 سال قبل اردن کی جانب سے شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی سے متعلق گفتگو کے لئے مناسب وقت نہ تھا جبکہ آج اس کام کے لئے مکمل طور پر مناسب وقت موجود ہے۔

المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی عہدیدار نے تاکید کی کہ شام کے تعلقات میں کسی بھی قسم کی بہتری سے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار نہ کرنے سے متعلق شامی موقف میں ذرہ برابر تبدیلی نہ آئے گی۔ اس عہدیدار نے کہا کہ شام؛ تل ابیب کے ساتھ تعلقات کی استواری کو ایک ایسی "بڑی غلطی" سمجھتا ہے جو نہ صرف فلسطین بلکہ پورے عرب خطے کے مفادات پر کاری ضرب لگنے کی باعث پے جبکہ غاصب صیہونی رژیم کے حوالے سے شامی موقف میں کسی بھی قسم کی تبدیلی (عرب و فلسطینی) حقوق سے چشم پوشی کے مترادف ہو گی جس کا وقوع پذیر ہونا محال ہے۔ اس عہدیدار کا کہنا تھا کہ اب تک کسی بھی عرب ملک کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں ایران کا نام تک نہیں لیا گیا درحالیکہ قبل ازیں؛ ایران کے ساتھ (شامی) تعلقات ہی عرب ممالک کی جانب سے شام کے ساتھ تعلقات کی استواری میں اہم رکاوٹ تھے۔ شامی حکومتی عہدیدار نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کی کہ شام، غاصب صیہونی رژیم کے خلاف جدوجہد سے کبھی ہاتھ کھینچے گا اور نہ ہی دمشق کسی ایسے اتحاد میں شمولیت اختیار کرے گا جو اس کے مفاد و اصولوں کے منافی ہو!
خبر کا کوڈ : 960290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش