QR CodeQR Code

جموں و کشمیر کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکتا ہے، امت شاہ

24 Oct 2021 19:36

بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کے خاتمے سے پریم ناتھ ڈوگرہ اور شاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں شروع ہونے والے ترقی کے دور کو کوئی روک نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کی ترقی میں خلل ڈالنے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ امت شاہ نے یہ باتیں اتوار کو یہاں بھگوتی نگر جموں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں شروع ہونے والے ترقی کے دور میں خلل ڈالنے والے خلل ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ترقی کا یہ دور کوئی روک نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو بھروسہ دلانے آیا ہوں کہ ترقی کے اس دور کو کوئی روک نہیں پائے گا۔

بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کے خاتمے سے پریم ناتھ ڈوگرہ اور شاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پریم ناتھ ڈوگرہ کا جنم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے بھارت کے لوگ انہیں کبھی بھول نہیں سکتے ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ جموں سے نا انصافی کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب دونوں خطوں کی یکساں ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سے آج یہ کہنے آیا ہوں کہ جموں سے نا انصافی کا دور برسوں کی نا انصافی کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دونوں کشمیر اور جموں کی مساوی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ایک ایسی صورتحال کے حق میں ہیں کہ جس میں ایک بھی شخص کی جان نہ جائے۔


خبر کا کوڈ: 960296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960296/جموں-کشمیر-کی-ترقی-کو-کوئی-روک-نہیں-سکتا-ہے-امت-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org