0
Monday 25 Oct 2021 16:23

گینگسٹر عزیر بلوچ کی فوجی عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست خارج

گینگسٹر عزیر بلوچ کی فوجی عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست خارج
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی، عزیز بلوچ نے فوجی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، فوجی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں کی جا سکتی ہے۔ جس پر عدالت نے لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ کی فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی، درخواست عزیر بلوچ کے وکیل کی عدم حاضری کے سبب خارج کی گئی۔

عزیز بلوچ نے درخواست میں فوجی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی تھی، جس پر عدالت نے وکیل کو درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ اپریل 2017ء میں پاک فوج نے پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923ء کے تحت لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی کے سامنے لرزہ خیز انکشافات کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ عزیر بلوچ نے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں تاجروں کے اجتماعی قتل سمیت ایک سو ستانوے افراد کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 960420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش