QR CodeQR Code

اسرائیلی طیاروں کے شکار کیلئے ایران شام کی مدد کر رہا ہے، صیہونی میڈیا

25 Oct 2021 23:26

غاصب صیہونی رژیم کیساتھ منسلک ایک صیہونی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ شام نے ایرانی مدد سے اسرائیلی طیاروں اور انکے میزائلوں کو تباہ کرنیکی صلاحیت بڑھا لی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب شام پر اسرائیلی حملوں میں خاطرخواہ کمی آئی ہے


اسلام ٹائمز۔ صیہونی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ایران اسرائیلی حملوں کی روک تھام کے لئے شام کی فنی امداد کر رہا ہے جس کے بعد اب شامی آسمان پر صیہونی طیاروں کے شکار کے لئے ایرانی ہوائی دفاعی سسٹمز نصب کر دیئے گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب شام پر اسرائیلی ہوائی حملوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار ہاآرٹس نے صیہونی انٹیلیجنس ذرائع سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شامی فورسز نے ایرانی مدد کے ذریعے اسرائیلی حملہ آور طیاروں و میزائلوں کو کم ترین وقت میں نشانہ بنانے کی اپنی صلاحیت بڑھا لی ہے۔

اسرائیلی اخبار نے لکھا کہ ایرانی مدد کے ذریعے شامی ہوائی دفاع میں آنے والی پیشرفت کے بعد صیہونی حکام اب اس بات پر پریشان ہیں کہ کہیں یہی ایرانی مدد حزب اللہ لبنان و انصار اللہ یمن سمیت دوسری مزاحمتی تحریکوں کو بھی نہ فراہم کر دی جائے! ہاآرٹس نے دعوی کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے مذکورہ ہوائی دفاعی سسٹمز کے مقام کو ڈھونڈنے اور ان کو نشانہ بنانے کو اپنا پہلا ہدف قرار دے رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کا بجٹ مختص کئے جانے کے بعد ایرانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علی شمخانی نے صیہونی حکام کو شدید الفاظ میں خبردار کیا تھا۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں علی شمخانی نے لکھا تھا کہ غاصب صیہونی رژیم کو چاہئے کہ وہ ایران کے خلاف شرارتوں کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کا بجٹ مختص کرنے کے بجائے دندان شکن ایرانی جوابی کارروائی کے باعث ہونے والے دسیوں ہزار کھرب ڈالر کے نقصان کے مداوے کی فکر کرے!


خبر کا کوڈ: 960448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960448/اسرائیلی-طیاروں-کے-شکار-کیلئے-ایران-شام-کی-مدد-کر-رہا-ہے-صیہونی-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org