QR CodeQR Code

سکردو، اسلامی تحریک کے سابق رکن اسمبلی سکندر علی پیپلز پارٹی میں شامل

26 Oct 2021 18:51

سابق رکن اسمبلی جنرل مشرف کے دور میں قاف لیگ میں شامل ہوئے اور صوبائی مشیر بھی بن گئے تھے۔ وفاق میں قاف لیگ کی حکومت کے اختتام کے بعد وہ اسلامی تحریک میں شامل ہوئے اور 2015ء کے الیکشن میں اسلامی تحریک کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا اور کامیاب ہوئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک کے سابق رکن اسمبلی کیپٹن (ر) سکندر علی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔ پی پی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان انہوں نے پیپلزپارٹی کے ڈویژنل سکریٹریٹ سکردو میں ایک بڑی تقریب میں کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنے ہاتھ پاوں کاٹ کر غیر مشروط طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہا ہوں، مجھے کسی چیز کا کوئی لالچ نہیں ہے، اگ رمیں الیکشن کے دنوں میں پارٹی تبدیل کرتا تو لوگ مجھے لوٹا کہتے مگر الیکشن کے سیزن میں مختلف پیشکش کے باوجود پارٹی تبدیل نہیں کی، اب چونکہ الیکشن کیلئے کافی عرصہ باقی ہے، اس لئے پارٹی تبدیل کی، میں لوٹا نہیں ہوں، الیکشن کے عین وقت پارٹیاں بدلنے والوں کو لوٹا کہا جاتا ہے، میں نے ایسا کچھ نہیں کیا، اس لئے میں لوٹا نہیں ہوں۔ میں خود کو بڑا خوش قسمت آدمی سمجھتا ہوں کہ میں شہیدوں کی پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔ سید مہدی شاہ مرد حر اور میرے پیر ہیں، پارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ بہادر اور نڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید مہدی شاہ نے جمہوریت کے فروغ کیلئے لازوال قربانیاں دیں، میں چشم دید گواہ ہوں کہ انہوں نے مارشل لاء کے دور میں بھی اپنے گھر سے پارٹی پرچم نہیں اتارا۔ یاد رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ سکندر علی جنرل مشرف کے دور میں قاف لیگ میں شامل ہوئے اور صوبائی مشیر بھی بن گئے۔ وفاق میں قاف لیگ کی حکومت کے اختتام کے بعد وہ اسلامی تحریک میں شامل ہوئے اور 2015ء کے الیکشن میں اسلامی تحریک کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا اور کامیاب ہوئے تھے۔ اسمبلی میں پہنچنے کے بعد وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی بنے۔ 2020ء کے الیکشن میں سکندر علی نے اسلامی تحریک کے ہی پلیٹ فارم سے حصہ لیا لیکن وہ چوتھے نمبر پر آئے۔ منگل کے روز انہوں نے ایک بار پھر پارٹی تبدیل کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔


خبر کا کوڈ: 960572

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960572/سکردو-اسلامی-تحریک-کے-سابق-رکن-اسمبلی-سکندر-علی-پیپلز-پارٹی-میں-شامل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org