QR CodeQR Code

نسلہ ٹاور کے ساتھ پورے کراچی کو بھی بم سے اڑا دیں، ایم کیو ایم

26 Oct 2021 19:38

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ رہنما خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ویری فکیشن کا کوئی ادارہ نہیں، لیز جعلی ہے تو اس وقت کے ڈی سی و دیگر افسران بھی جعلی تھے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے نسلہ ٹاور منہدم کرنے کے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسلہ ٹاور کے ساتھ پورے کراچی کو بم سے اڑا دیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے نسلہ ٹاور کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے مطالبہ کیا کہ رہائشیوں کو بے گھر کرنے سے پہلے متبادل انتظام کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ قابضین سہراب گوٹھ، کٹی پہاڑی پر بیٹھے ہیں، انہیں ہٹایا جائے، نسلہ ٹاور کے رہائشی قابضین نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج نسلہ ٹاور بم سے اڑائیں گے، تو کل کو میرا اور وسیم اختر کا گھر بھی اڑایا جا سکتا ہے۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ویری فکیشن کا کوئی ادارہ نہیں، لیز جعلی ہے تو اس وقت کے ڈی سی و دیگر افسران بھی جعلی تھے، نسلہ ٹاور کو بم سے اڑانا ہے، تو پورے کراچی کو بھی اڑا دیں۔ دوسری جانب نسلہ ٹاور مسمار کرنے کے معاملے پر کمشنر کراچی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ایف ڈبلیو او، ایس بی سی اے، این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین، پولیس، رینجرز حکام، ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں نسلہ ٹاور مسمار کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور اور نسلہ ٹاور کنٹرول بلاسٹنگ سے مسمار کرنے کے حوالے تبادلہ خیال  کیا گیا۔ اداروں کی مشاورت سے نسلہ ٹاور مسمار کرنے کا لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 960577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960577/نسلہ-ٹاور-کے-ساتھ-پورے-کراچی-کو-بھی-بم-سے-اڑا-دیں-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org