QR CodeQR Code

خدارا علماء اپنی خاموشی توڑ دیں

کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج پر رحیق عباسی بھی بول اُٹھے، قائدین کو میدان میں اُترنے کا مشورہ 

28 Oct 2021 01:11

پی اے ٹی کے مرکزی رہنما نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آپ سب علماء کی خاموشی ابہام پیدا کر رہی ہے، آپ کے اپنے پیروکار تقسیم ہیں، پہلے اس مسئلے پر آپ کی خاموشی نے ہی ناموس رسالت کا ایجنڈا اس احتجاجی گروہ کے حوالے کر دیا اور اب آپ کی خاموشی اہل سنت کی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما رحیق عباسی نے اہلسنت علماء اور عمائدین سے خاموشی توڑنے کا مطالبہ کردیا، ڈاکٹر رحیق عباسی نے مفتی منیب الرحمن، ریاض حسین شاہ، ڈاکٹر طاہر القادری، حسین الدین شاہ، عرفان شاہ مشہدی، حامد رضا، ثاقب رضا مصطفائی، حامد سعید کاظمی، ابو الخیر زبیر، حسین الدین شاہ سمیت دیگر اہلسنت عمائدین اور اکابرین سے خاموشی توڑنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ اگر آپ کے نزدیک احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ اور طریقہ کار درست ہے تو ان کی حمایت کا اعلان کریں اور شامل احتجاج ہوں اور اگر ان کے طریقہ کو درست نہیں سمجھتے تو سادہ لوح عوام اہل سنت کی رہنمائی کریں اور متفقہ طور پر اس احتجاج سے اہلسنت کی لاتعلقی کا اعلان کریں۔

اُنہون نے کہا کہ آپ سب کی خاموشی ابہام پیدا کر رہی ہے، آپ کے اپنے پیروکار تقسیم ہیں، پہلے اس مسئلے پر آپ کی خاموشی نے ہی ناموس رسالت کا ایجنڈا اس احتجاجی گروہ کے حوالے کر دیا اور اب آپ کی خاموشی اہل سنت کی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔ ایک خطرناک اور خونی تصادم سامنے نظر آ رہا ہے اور آپ ہیں نہ ادھر نہ ادھر، آپ عمائدین ہیں قائدین ہیں، پیران کرام ہیں مشائخ عظام ہیں، عوام اہلسنت آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا دھبہ اہلسنت کے دامن پر لگ رہا، خدارا ایک واضح اور فیصلہ کن موقف کے ذریعے عوام کی رہنمائی کریں ورنہ اس صورت حال سے جو خرابی پیدا ہوگی، جن معصوم جانوں کا ضیاع ہوگا اس کی ذمہ داری آپ پر بھی عائد ہوگی۔ 
 


خبر کا کوڈ: 960760

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/960760/کالعدم-ٹی-ایل-پی-کے-احتجاج-پر-رحیق-عباسی-بھی-بول-ا-ٹھے-قائدین-کو-میدان-میں-ا-ترنے-کا-مشورہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org