0
Thursday 28 Oct 2021 01:30

آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے کا طعنہ دینے والا خود آئی ایم ایف سے بھیک مانگ رہا ہے، پیپلزپارٹی ملتان

آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے کا طعنہ دینے والا خود آئی ایم ایف سے بھیک مانگ رہا ہے، پیپلزپارٹی ملتان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر، جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران، ضلعی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین، سینئر نائب صدور میاں منظور قادری، ساجد بلوچ و دیگر عہدیدران نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ٹولہ عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننا چاہتے ہیں ان کا بس چلے تو یہ سائنس پر بھی آکسیجن ٹیکس لگا دیں، تحریک انصاف 70 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مہنگائی کو اپنا انتخابی نشان بنا لے، یہ وقت بھی آنا تھا جو کہتے تھے میں خودکشی کر لوں گا آئی ایم ایف سے بھیک نہیں مانگوں گا، آج وہ آئی ایم ایف سے بھیک مانگ رہے ہیں مگر وہ نہیں دے رہا، سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کہتا تھا کہ سوئی گیس کا ریٹ بڑھے گا، بجلی کا ریٹ بڑھے گا، ڈالر کا ریٹ اوپر جائے تو ملک کا وزیراعظم چور ہے۔ خدارا اس ملک کی جان چھوڑ دو کشمیر تم نے بیچ دیا، خارجہ امور تمھاری فیل، سونامی کا پہاڑ لے کر آ گئے ہو یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، تبدیلی کے نام پر اس سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو تین برس میں دوگنی مہنگائی دی، پیٹرول اور ڈیزل 150روپے فی لٹر سے اوپر لے جانے کی تیاری ہو رہی ہے، ڈالر اور تیل مہنگا کر کے عوام پر مہنگائی کا سونامی کھلا چھوڑ دیا ہے، بجلی، تیل، پٹرول، گیس، کھاد، چینی اور روز مرہ کی تمام اشیا کی قیمتیں پیپلزپارٹی کی حکومت میں کیا تھیں اور اب عمران خان کی حکومت میں کیا ہیں، انھیں مہنگائی پر جھوٹے بہانے بناتے ہوئے شرم آنی چاہئیے۔

 پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہے اور عوام کی آواز بن کر اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق جمعہ کے روز مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کرے گی، پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے زیراہتمام بھی جمعہ کے دن 10 بجے چوک کچہری پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو اس ظالم و جابر حکومت سے نجات دلائی جائے، عوام کے تمام مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ہی اس وقت واحد لیڈر ہیں جو ملک و قوم کو مہنگائی و بے روزگاری کے عذاب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ ملک افتخار علی، ملک رمضان کمبوہ، شگفتہ حبیب، سحرش خان، طارق کھوکھر، ذولفقار بھٹہ، شمشاد سیال و دیگر موجود تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 960761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش