0
Monday 1 Nov 2021 12:14

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا وقت ابھی نہیں آیا، شہباز شریف

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا وقت ابھی نہیں آیا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے دھرنوں میں پی ٹی آئی کی قیادت شرکت کرتی تھی لیکن ہم نے اس صورت حال سے سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا۔ ڈی جی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء تک نواز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی، جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ن لیگ کے دور میں بہت کام کیے گئے، ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کے لیے ملازمتوں میں 33 فیصد کوٹا تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا اپنے دور میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے، اسپتال اور دانش اسکول بنائے اور پینے کے صاف پانی کا انتظام کیا، اطمینان ہے کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں لوگوں کی خدمت کی۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مفاہمت کا بادشاہ ہوتا تو بار بار جیل نہ جاتا۔ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں شمولیت سے متعلق سوال پر صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم ہی کر سکتی ہے، لیکن سیاست میں ایک دائرے میں رہ کر ہر چیز ممکن ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن آنے والے دنوں میں حکومت کو کوئی اسپیس نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا حکومت سمجھ رہی ہے کہ آنے والا وقت اس کے لیے خطرناک ہے، پی ٹی آئی اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے نیب آرڈیننس لائی ہے، عمران خان کہتے تھے کہ مر جاؤں گا کہ مگر این آر او نہیں دوں گا لیکن عمران خان نے خود کو اور کابینہ کو این آر او دے دیا ہے۔ نواز شریف سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پارٹی کے تاحیات قائد ہیں، ان کا لندن میں علاج ہو رہا ہے، صحت مند ہوتے ہی نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے۔

کالعدم تحریک لبیک کے دھرنوں سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹی ایل پی کے دھرنے کے حوالے سے عمران خان کہتے تھے کہ وہ ان کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور شاہ محمود قریشی ٹی ایل پی کے دھرنوں میں شرکت کرتے تھے لیکن پی ٹی آئی حکومت میں ٹی ایل پی نے لانگ مارچ یا دھرنے دیے تو ہم نے سپورٹ نہیں کیا۔ صدر مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا پہلے ہی کہا تھا جو کچھ سڑکوں پرہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے، معاملے کو بیٹھ کر حل کرنا چاہیے، ہم نے موجودہ صورت حال کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا۔
خبر کا کوڈ : 961448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش