0
Saturday 3 Sep 2011 22:47

سیاستدانوں کی جعلی ڈگریوں کی طرح پاکستانی جمہوریت بھی جعلی ہے، صاحبزادہ فضل کریم

سیاستدانوں کی جعلی ڈگریوں کی طرح پاکستانی جمہوریت بھی جعلی ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے عوام کو دکھوں اور دھوکوں کے سوا کچھ نہیں دیا، اس لیے عوام سیاسی دکانداروں اور مفاد پرست حکمرانوں سے اکتا چکے ہیں، ان حالات میں مظلوم اور محروم طبقات کے اجتہاد سے استحصالی طبقے اور مراعات یافتہ اشرافیہ کی اجارہ داری ختم ہو سکتی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ رہنما راہزن بن چکے ہیں، عوام کی تذلیل اور توہین کرنے والے حکمران ہمارے ہیرو نہیں ولن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے لیے غلبے اور بدلے کی روش چھوڑنا ہو گی، ملکی مسائل کے حل کے لیے دانائی اور دیوانگی کی ضرورت ہے، ملک کو جنون اور جرأت سے مالا مال قیادت ہی مسائل اور بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ رزق حرام والے رزق حلال کمانے والے محنت کش اور مزدور طبقے کے مسائل کبھی نہیں سمجھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کے حالیہ انکشافات کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے اور ادھورے سچ کی کڑیاں تلاش کر کے مکمل سچ قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی پریس کانفرنس کے لرزہ خیز انکشافات کی وجہ سے محب وطن طبقات میں ملکی سلامتی کے حوالے سے سخت تشویش پائی جاتی ہے اس لیے سپریم کورٹ ذوالفقار مرزا کو طلب کر کے اصل حقائق کا کھوج لگائے اور پاکستان کے غداروں کو بے نقاب کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ چئیرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ محب وطن پاکستانی اپنے لہو سے پاکستان کا تحفظ کریں گے اور پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 96229
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش