QR CodeQR Code

پاکستانی قوم بہادر ہے، مشکل حالات کامقابلہ کرنا جانتی ہے، شاہ محمود قریشی

4 Sep 2011 06:26

اسلام ٹائمز:سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو منافقت کو ترک کر کے حقیقی مفاہمت اختیار کرنی چاہئے اور پوری ایمانداری سے ملک و قوم کی بقاء و سلامتی اور قیام امن کے لئے مل کر اپنا اپنا قومی و مذہبی کردار ادا کرنا چاہئے جو کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے، مشکلات میں گھر ی قوم کا مذاق نہ اڑایا جائے


لاہور:اسلام ٹائمز۔ لاہور میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے، چند مٹھی بھر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے پاکستانی قوم نہ گھبرانے والی ہے اور نہ کرائے کے قاتلوں کے سامنے جھکنے والی ہے، پاکستان کی حفاظت کے لئے افواج پاکستان اور ہر پاکستانی اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوتیں حالات کی سنگینی اور حقائق سے چشم پوشی کرتی ہیں وہ ہمیشہ مصائب و مشکلات کا شکار رہتی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک و قوم سے مذاق کرنے کی بجائے حقیقی وفاداری کا عزم کرتے ہوئے فوری اپنے رویوں میں تبدیلی لا کر حقیقی جمہوری اور عوامی ترجمانی کا حق ادا کیاجائے اسی لئے ہی عوام ہمیں ووٹ دے کر ایوانوں میں بھیجتے ہیں.
شاہ محمود قریشی نے کہا کراچی امن کے لئے پورے پاکستان کو پکار رہا ہے، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بوری بند لاشوں کا تسلسل ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے کیوں کہ کراچی میں قیام امن استحکام پاکستان کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہر درد دل رکھنے والے پاکستانی اللہ کے حضور دعاگو ہیں کہ اللہ کریم کراچی سمیت پاکستان کو امن و آتشی کا گہوارہ بنائے۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ قائد اعظم، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے افکار و نظریات کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے اور اسے حقیقی جمہوری، ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے اپنا قومی فریضہ ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 96278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/96278/پاکستانی-قوم-بہادر-ہے-مشکل-حالات-کامقابلہ-کرنا-جانتی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org