QR CodeQR Code

داعش، القاعدہ اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں ہمارے دروازے پر تیار کھڑی ہیں، علامہ صادق جعفری

15 Nov 2021 23:59

ڈویژن کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ وارانہ اور لسانی فسادات کا فروغ عالم استکبار کے مذموم عزائم کے ایجنڈے کا حصہ ہے، ہمیں طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے بدترین دوراہے پر کھڑا ہے، حکومت کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیز معاشی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، مقتدر طبقات کی نالائقی، نااہلی اور اختیارات کی کھینچا تانی ریاست کو کمزور کرتی جا رہی ہے۔ ڈویژن کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ داعش، القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد تنظیمیں ملک میں بدامنی پھیلانے کے لئے ہمارے دروازے پر تیار کھڑی ہیں، ایسی سنگین صورتحال کو نظرانداز کرنا کسی ناقابل تلافی نقصان کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جغرافیائی خدوخال ہر لحاظ سے اہم ہیں، طاقت کے توازن کی ایشیاء کی جانب منتقلی میں پاکستان کا کردار مرکزی گزرگاہ کی مانند ہے، چین کی اقتصادی پیش رفت میں رخنہ ڈالنے کے لئے امریکہ اور اس کے حواری ارض پاک کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔

علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ اور لسانی فسادات کا فروغ عالم استکبار کے مذموم عزائم کے ایجنڈے کا حصہ ہے، ہمیں طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بحرانوں کی ذمہ دار وہ حکومتیں ہیں، جنہوں نے اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی کو خود مختار بنانے کی بجائے غیروں کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھا، مالی اداروں میں ایسے اقتصادی ماہرین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں، جن کے مفادات وطن عزیز کی بجائے غیر ملکی اداروں سے وابستہ تھے، حکومتی سطح پر اہم فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر اور خامیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنا کر رکھ دیا۔


خبر کا کوڈ: 963779

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/963779/داعش-القاعدہ-اور-دیگر-دہشتگرد-تنظیمیں-ہمارے-دروازے-پر-تیار-کھڑی-ہیں-علامہ-صادق-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org