QR CodeQR Code

عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، آصف زرداری

16 Nov 2021 14:55

احستاب عدالت کی پیشی کے بعد سابق صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں، یہ اللہ کو بہتر معلوم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے رہنماء آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران آصف علی زرداری سے صحافیوں نے مختصر بات کی۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ایک سابق جج نے بیان حلفی دیا ہے کہ ثاقب نثار نے مریم نواز اور نواز شریف کی ضمانتیں مسترد کرنے کا کہا تھا، اس پر آپ کیا کہیں گے؟ جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ مریم نواز میری بیٹیوں جیسی ہیں، مریم نواز کی درخواست سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔

ہم پہلے ہی یہ رستہ دیکھ چکے ہیں، ماضی میں جسٹس قیوم کے ساتھ سیف الرحمان اور کچھ دوستوں کی ایک ٹیپ بھی تھی۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم عمران خان کی حکومت کا کاونٹ ڈاؤن شروع ہوچکا؟، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں، یہ اللہ کو بہتر معلوم ہے، عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 963876

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/963876/عمران-خان-کو-لانے-والے-اب-اعتراف-کر-رہے-ہیں-کہ-ان-سے-غلطی-ہوگئی-آصف-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org