1
0
Tuesday 16 Nov 2021 15:13

ایران کے سرحدی علاقے میر جاوہ میں پاکستانی زائرین کیلئے "زائر سرائے آستان قدس رضوی" کا افتتاح

ایران کے سرحدی علاقے میر جاوہ میں پاکستانی زائرین کیلئے "زائر سرائے آستان قدس رضوی" کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ حرم مطہر رضوی کے متولی حجت الاسلام و المسلمین احمد مروی کی موجودگی میں ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقہ میر جاوہ میں "زائر سرائے آستان قدس رضوی" کا شاندار افتتاح ہوا۔ اطلاعات کے مطابق افتتاحی تقریب میں سیستان اور بلوچستان میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ مصطفیٰ محامی، صوبے کے گورنر حسین مدرس خیابانی اور اسی طرح اس صوبے کے کچھ دوسرے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس مجموعہ کا کل زمینی رقبہ 60 ہزار مربع میٹر ہے اور اس میں 5100 مربع میٹر پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ آستان قدس رضوی نے اسی طرح کے 22 اور مجموعے پورے ملک کی شاہراہوں پر تعمیر کئے ہیں، جن میں زائرین کے لئے بہترین سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔

آستان قدس کے متولی حجۃ الاسلام و المسلمین مروی نے کہا کہ یہ زائر سرا مناسب فلاحی وسائل کے ساتھ پاکستانی زائرین کے لئے آج سے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، تاکہ زائرین یہاں پر اپنی تھکن مٹا کر نئی توانائی کے ساتھ مشہد مقدس کے اپنے معنوی سفر پر آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارتی مجموعے کی تعمیر آستان قدس رضوی نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے حکام کے تعاون سے انجام دی ہے۔ آستان قدس کے متولی نے یہ بھی کہا کہ زائرین کی میزبانی اور احترام میں قوم، ملت، زبان، فرہنگ، مذہب، غربت اور امارت کوئی اہمیت نہیں رکھتی، جو بھی امام رضا علیہ السلام کے زائر سرا میں قدم رکھے گا، وہ ولی خدا اور حجت خدا کا مہمان ہوگا اور بہترین انداز میں اس کی خدمت اور احترام ہمارا فریضہ ہے۔

انہوں نے تاکید کہا کہ اس زائر سرا اور حرم مطہر کی خدمات میں کوئی فرق نہیں ہے، حرم مطہر کی طرح یہاں پر بھی امام رضا علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کے لئے انتطامات موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میر جاوہ کے زائر سرا سے متعلق کاموں کو اس طرح کیا جائے کہ جس سے اس علاقے کے عوام کو بھی فائدہ پہنچے اور اس کا ماحول اور فضا ایسی ہو کہ زائرین ہی نہیں بلکہ اس مقدس جگہ پر رہنے والے عام لوگ بھی مستفید ہوسکیں، امام رضا علیہ السلام کی زائر سرا میں ایک وقت میں 3 ہزار افراد کی میزبانی کی گنجائش موجود ہے، یہ آستان قدس رضوی کے منصوبوں میں سب سے زیادہ اہمیت رکھنے والا منصوبہ ہے، لہذا ہم زائرین کے سفر کی ابتدا سے انتہا تک ہر طرح کی خدمت رسانی کے لئے تیار ہی نہیں ہیں بلکہ اسے اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 963885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
ماشاء اللہ۔ جزاک اللہ۔ پاکستان حکومت تفتان سرحدی علاقے میں زائرین کے ساتھ جو ناروا رویہ رکھتی آئی ہے، اس کے مقابلے میں امام خامنہ ای کی مملکت ایران میں زائرین امام رضا علیہ السلام کے احترام میں انکے شایان شان یہ میزبانی، یہ خدمت واقعاً قابل ستائش ہے۔ اللہ خوش رکھے۔
ہماری پیشکش