QR CodeQR Code

حکمران اقتدار اور اختیار کی بدہضمی میں مبتلا ہیں، صاحبزادہ فضل کریم

4 Sep 2011 23:04

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر انسانی خون پانی کی طرح بہہ رہا ہے اور مفاد پرست حکمرانوں نے ملک کو بدنام اور برباد کر دیا ہے، جنہیں خود رہنمائی کی ضرورت ہے وہ رہنما بنے بیٹھے ہیں


لاہور:اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں اپنے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں وسائل کی غلط تقسیم ہے، اقتصادی عدم مساوات سے صرف بھوک ہی نہیں جرائم اور بدکرداری بھی جنم لیتی ہے، بھوک سے مرتے انسانوں کے درمیان بیٹھ کر اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والے حکمران ملک کے لیے کینسر، دیمک اور زنگ سے بھی زیادہ خطرناک ہو چکے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر جمہور کے دشمن عوام کی گردنوں پر مسلط ہیں، عہد حاضر کے فرعونوں، شدادوں، نمرودوں اور ہامونوں سے نجات کے لیے بکھری اور بھٹکی قوم کو متحد ہونا ہوگا، پاکستان کا ہر گھر مہنگائی کے ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو خودمختار بنانے کے لیے عوام کو خودمختار بنانا ضروری ہے، عوامی شعور کی بیداری پاکستان میں نظام اور امام بدلنے کا پیش خیمہ بنے گی اور آئندہ الیکشن بار بار اقتدار میں آنے والے سیاستدانوں کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور معیشت کو بحران سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
عید ملن پارٹی میں سنی فاؤنڈیشن برطانیہ کے سربراہ عمران حسین چوہدری، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، انجمن طلبائے اسلام کے سابق صدر ملک نعیم شہباز اعوان اور جماعت اہلسنّت کے مرکزی رہنما مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 96412

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/96412/حکمران-اقتدار-اور-اختیار-کی-بدہضمی-میں-مبتلا-ہیں-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org